میرپور خاص، شہر اور گردونواح میں چوری اور راہزنی کی وارداتوں میں اضافہ

131

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) شہر اور ارد گرد کے علاقوں میں چوری اور راہزنی کی وارداتوں میں اضافہ ، نامعلوم افراد متعدد نرسریوں سے سولر پلیٹیں، پنکھے، بیٹریاں چوری کر کے لے گئے۔ میرپورخاص اور گردونواح کے چھوٹے بڑے شہروں اور دیہات میں چوری کی وارداتیں معمول بن گئی ہیں۔ گزشتہ شب میرپورخاص کے علاقے کاک بنگلہ میں اصغر غوری اور حاجی اسلم کی نامی افراد کی نرسریوں سے نامعلوم چور سولر پلیٹیں، بیٹریاں، پنکھے، پانی کی موٹریں، پودوں کو دوائی لگانے والا شاور سمیت دیگر لاکھوں روپے مالیت کا سامان چوری کر کے لے گئے۔ نرسری مالکان نے واردات کی اطلاع متعلقہ پولیس کو کر دی ہے تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی اور نہ ہی چوری شدہ سامان بر آمد ہوا ہے۔