جمس اسپتال کی ایمرجنسی کی بندش ڈائریکٹر کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، عابد سندھی

149

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جیکب آباد جمس اسپتال میں غیر فعال شعبہ ایمرجنسی اور ٹھیکیدار کیخلاف احتجاجی مظاہرہ ڈی سی چوک پر دھرنا، ٹائر نذر آتش، سخت نعرے بازی۔ جیکب آباد کی جمس اسپتال میں ایمرجنسی شعبے کی بندش اور ٹھیکیدار کیخلاف عام انسان تحریک کی جانب سے چیئرمین ڈاکٹر عابد سندھی، عید محمد ڈومکی، محمد حسن ٹالانی، ظہور مائری، ساجد تنویر سولنگی، عمران کی قیادت میں نکالا گیا، جس میں کارکنان اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، مظاہرین نے جمس اسپتال میں کرپشن کیخلاف سخت نعریبازی کرتے ہوئے شہر کے راستوں پر مارچ کیا اور ڈی سی چوک پر دھرنا دے کر روڈ بلاک کردیا جس کے باعث ٹریفک معطل ہوگئی۔ اس موقع پر ٹائر بھی جلائے گئے، مظاہرین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمس کو شروع ہوئے چار سال ہوچکے ہیں لیکن ابھی تک ایمرجنسی کا شعبہ بند ہے جو کہ ڈائریکٹر کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، جمس پر علی بابا چالیس چوروں کا قابض ہے، ٹھیکیدار ہر ماہ مینٹیننس کے 38 لاکھ وصول کررہا ہے، پر اسپتال کی حالت جوں کی توں ہے، جمس میں مریضوں کو ادویات بھی غیر معیاری فراہم کی جارہی ہیں، نیب جمس میں کرپشن کا نوٹس لے۔