ٹرمپ آئین کی دھجیاں بکھیر رہے ہیں‘ مؤاخذہ کیا جائے‘ بائیڈن

143

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) سابق امریکی نائب صدر جوبائیڈن نے ٹرمپ کے یوکرائن اسکینڈل میں پہلی مرتبہ ٹرمپ کے مؤاخذے کا مطالبہ کردیا۔ جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ ٹرمپ امریکا میں جمہوریت کے لیے بڑا خطرہ ہیں اور انہوں نے آئین کی دھجیاں بکھیر دیں۔ امریکی صدر نے اپنی انتخابی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے دوسروں پر بے سروپا الزامات کا سہارا لیا۔ نیوہمشائر میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اپنے بیٹے ہنٹر بائیڈن کے ساتھ ثابت قدمی سے الزامات کا سامنا کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ دوسرے پر بہتان لگانا ٹرمپ کے لیے کھیل ہے اور وہ ہمارا مذاق اڑا تے ہیں۔بائیڈن کے مطابق ا مریکا میں جمہوریت، قوم کی خود ارادیت اور ملکی قوانین کو بچانے کے لیے صدر کا مؤاخذہ ناگزیر ہوگیا ہے۔ واضح رہے کہ اسپیکر کانگریس نینسی پلوسی کی جانب سے ٹرمپ کے مؤاخذے کی مہم چلائی جارہی ہے، جب کہ وائٹ ہاؤس نے ایوان نمایندگان کے سوالات کے جواب دینے سے انکار کردیا ہے۔ وائٹ ہاؤس نے یورپ میں امریکی سفیر کار کینگروکو بھی ایوان کی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے سے روک دیا ہے۔ ماضی میں 2امریکی صدرو اینڈریو جانسن اور بل کلنٹن کے خلاف مؤاخذے کی کارروائی ہوئی، جب کہ تیسرے صدر رچرڈ نکسن کارروائی شروع ہونے سے پہلے ہی مستعفی ہو گئے تھے۔ امریکا کی تاریخ میں کسی بھی صدر کو مؤاخذے کے نتیجے میں عہدہ چھوڑنے پر مجبور نہیں کیا گیا۔