معاشی نظام کو مستحکم بنیادوں پر چلانا ترجیح ہے، وزیراعظم

164

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ معاشی نظام کو مستحکم بنیادوں پر چلانا ہماری اولین ترجیح ہے جس کے نتیجے میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت معاشی ٹیم کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا مخدوم خسرو بختیار ، عمر ایوب، حماد اظہر، محمد میاں سومرو، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داود، مشیر اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، معاونین خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، یوسف بیگ مرزا، شوکت ترین، چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ، چیرمین این ڈی ایم اے اور سینئر افسران بھی موجود تھے۔اجلاس میںچھوٹی اور درمیانی صنعتوں کے فروغ، بیمار صنعتوں کی بحالی اور انہیںمراعات دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں بیمار صنعتوں کی بحالی کے حوالے سے وزیراعظم کو بریفنگ بھی دی گئی۔ بریفنگ میں کہا گیا کہ کل 687 ایسے یونٹس ہیں جن کو فوری طور پر بحال کرنے کے لیے اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ان کی بحالی ممکن ہو سکے گی۔وزیراعظم عمران خان نے ہدایات جاری کیں کہ 60 دن میں یونٹس کی بحالی کے لیے قوانین اور انتظامی اصلاحات کو مکمل کیا جائے۔ وزیراعظم کو چھوٹے اور درمیانی صنعتوں کے فروغ کی راہ میں حائل رکاوٹوں سے آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جلد از جلد ایس ایم ایز کے فروغ کے لیے مکمل ایکشن پلان پیش کیا جائے۔ اس موقع پر تعمیرات سیکٹر کے شعبے میں دی جانے والی حکومتی مراعات سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا۔