غیر ملکی فنڈنگ کیس: پی ٹی آئی کے اعتراضات مسترد، 14اکتوبر کو حکام طلب

181

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) الیکشن کمیشن نے غیر ملکی فنڈنگ کے معاملے میں اسکروٹنی کمیٹی کی کارروائی لیک ہونے سے متعلق درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے تحریک انصاف کی درخواستیں مسترد کردیں۔تحریک انصاف نے اسکروٹنی کمیٹی کی کارروائی لیک ہونے کے خلاف 4 درخواستیں جمع کرائی تھیں جن پر چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کی سربراہی میں 3رکنی کمیشن نے فیصلہ سنایا۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ تحریک انصاف کی درخواستیں مسترد کرتے ہیں، اسکروٹنی کمیٹی اپنا کام جاری رکھے، پی ٹی آئی 14اکتوبر کواسکروٹنی کمیٹی کے سامنے پیش ہو۔علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق نوٹیفیکیشن 22اکتوبر تک جاری کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے باغی رہنما اور درخواست گزار اکبر ایس بابر نے کہا کہ پی ٹی آئی سمجھتی ہے کہ مجھے کیس سے الگ کرکے اپنے نتائج حاصل کر لے گی، کارروائی خفیہ رکھنے کا عمل سمجھ سے بالاتر ہے، حقائق سامنے آگئے تو یہ پاکستان کی سیاسی تاریخ بدل کر رکھ دے گا، لوگوں کوپتا چلے گا اس فنڈنگ کے پیچھے کون ہے۔اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ میں اور عمران خان بات کرتے تھے جو غلط کام کرے گا دوسرا اس کے سامنے کھڑا ہوجائے گا، میں عمران خان کے سامنے کھڑا ہو گیا۔