سی ٹی ڈی نے جماعۃالدعوۃ کے مزید 4رہنماؤں کوگرفتار کر لیا

150

لاہور (نمائندہ جسارت) جماعۃالدعوۃ کے 4 مزید رہنمائوں کو سی ٹی ڈی کی جانب سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ان کے خلاف درج کیے گئے مقدمات کی بنیاد کالعدم قرار دیے گئے الانفال ٹرسٹ سے تعلق کو بنایا گیا ہے۔ گرفتار رہنمائوں میں جماعۃالدعوۃ کے مرکزی رہنما حافظ عبدالسلام بن محمد، پروفیسر ظفر اقبال، محمد یحییٰ عزیزاور محمد اشرف شامل ہیں۔ جماعۃالدعوۃ کے گرفتار رہنمائوں کے اثاثے بھی منجمد کر دیے گئے ہیں۔سی ٹی ڈی کی طرف سے الزام عاید کیا گیا ہے کہ گرفتار رہنمائوں کا تعلق کالعدم قرار دیے گئے الانفال ٹرسٹ سے ہے اور اسی بنیاد پر انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ الانفال ٹرسٹ نے مختلف شہروں میں زمین خرید کر مساجد کی تعمیر کا کام کیا ہے۔ چند ماہ قبل جماعۃالدعوۃ کے سربراہ حافظ محمدسعید کو جب گرفتار کیا گیا تو ان پر بھی یہی مقدمہ بنایا گیا تھا کہ منڈی بہاء الدین کے ملکوال علاقہ میں 7مرلہ کی زمین پر جس ٹرسٹ کی جانب سے مسجد بنائی گئی تھی اس ٹرسٹ کے ارکان میں حافظ محمد سعید کا نام بھی شامل تھا۔ حافظ محمد سعید کی طرح جماعۃالدعوۃ کے گرفتار کیے گئے 4 رہنمائوںکوبھی اقوام متحدہ کی سلامتی کمیٹی کی قرارداد 1267کے تحت گرفتار کیا گیا ہے تاہم ان کے خلاف درج مقدمات الانفال ٹرسٹ سے تعلق کی بنیاد پر بنائے گئے ہیں ۔