کرکٹ آئرلینڈ نے پاکستان آنے کی حامی بھرلی

451

لاہور: پاکستان اور سری لنکا کے مابین کھیلی جانے والی سیریز کےآخری ٹی 20 میچ میں آئرلینڈ اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ حکام نے پی سی بی کے عہدیداروں سے ملاقات میں پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی میں تعاون کا یقین دلادیا۔

کرکٹ آئرلینڈ کے چیئرمین راس میکولم، چیف ایگزیکٹو وارن ڈیوٹرم اور انگلینڈ اینڈویلز کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ٹام ہیریسن نے لاہور میں پاکستان اور سری لنکاکے درمیان آخری ٹی ٹوئنٹی میچ دیکھا اور سیکورٹی  کا جائزہ لیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ ذرائع اور میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی کی جانب سے غیر ملکی مہمانوں کو سیکیورٹی انتظامات پر تفصیلی بریفینگ دی گئی جس پر انھوں نے اطمینان کا اظہار کیا ۔

یاد رہے کہ گرین شرٹس کا جولائی میں دورہ آئرلینڈ پہلے سے ہی شیڈول ہے جبکہ بورڈ حکام سے ہونے والی اس ملاقات میں آئرش حکام نے اگلے برس  پاکستان میں ٹیم بجھوانے کا عندیہ دیا ہے۔

دوسری جانب انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ٹام ہیریسن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ کے لیے بحالی کیلئےکی جانے والی کوششیں زبردست ہیں۔ اسی طرح اعتماد بڑھتا رہا تو پاکستان میں ایک بارپھر پہلے کی طرح ٹیمیں آکر ضرور کھیلیں گی۔