رافیل ہو یا کوئی اور پاکستان اپنا دفاع کرنا جانتا ہے،ترجمان دفتر خارجہ

266

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ ہم خطے میں ہتھیاروں کی دوڑ کے خلاف ہیں ،رافیل ہو یا کوئی اور پاکستان 27 فروری کی طرح اپنا دفاع کرنا جانتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے بھارت کو فرانس کی جانب سے ملنے والے رافیل طیارے سے متعلق ردعمل میں کہا کہ رافیل ہو یا کوئی اور پاکستان اپنا دفاع کرنا جانتا ہے،ہم خطے میں ہتھیاروں کی دوڑ کے خلاف ہیں لیکن پاکستان 27 فروری کی طرح اپنا دفاع کرنا جانتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم اور بربریت جاری ہے، وادی میں گزشتہ 68 دنوں سے کرفیو نافذ ہے جب کہ بھارتی قابض فوجیوں نے مقبوضہ وادی کے علاقے اوانتی پورہ میں کئی لوگوں کو شہید کردیا ہے۔مقبوضہ کشمیر کےمظلوم کشمیریوں کی آواز دنیا بھر میں سنی جارہی ہے،کشمیریوں کی زندگی اجیرن بن چکی ہے، کشمیریوں کے پاس بنیادی ضروریات کی چیزیں نہیں،عالمی دنیا کشمیر پر بول رہی ہے،

ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے چین کا دورہ کیا ،وزیراعظم نے چین کے صدر اور وزیراعظم سے ملاقات کی جس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، کشمیر کی موجودہ صورتحال پر وزیراعظم نے چین کی قیادت کو آگاہ کیا، چینی قیادت نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔

کرتار پور راہداری کے افتتاح سے متعلق ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ اس کی حتمی تاریخ کا اعلان ابھی نہیں ہوا ہے۔  کرتارپور راہداری کو منصوبہ بندی کے تحت وقت پر کھول دیا جائے۔

ترجمان دفتر خارجہ نےترکی کی جانب سے شام میں فوجی کارروائی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ شام کے مسئلے کا سیاسی حل نکالا جائے۔ پاکستان مسئلہ کے سیاسی حل کے لیے ترکی کے کردار کو سراہتا ہےترکی کی جانب سے 35 لاکھ شام کے مہاجرین کی میزبانی کو بھی سراہتا ہے۔