جماعت اسلامی خواتین آزاد کشمیر کا 16 اکتوبر کو اسلام آباد کی جانب مارچ کا اعلان

148

مظفر آباد(نمائندہ خصوصی )جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر خواتین ونگ کی چیئرپرسن شمیم حنیف نے 16اکتوبر کو اسلام آباد کی طرف مارچ کا اعلان کر دیا، آزاد کشمیر کی ہزاروں خواتین اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گی ، جانوروں کے حقوق تک کے لیے قائم کی گئی تنظیمیں آج مقبوضہ کشمیر میں 41لاکھ خواتین کی تشویش ناک صورت حال پر خاموش کیوں ہیں ؟ اسلام آباد کے حکمرانوں اور عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لیے اسلام آباد کی طرف مارچ کا فیصلہ کیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے مرکزی ایوان صحافت مظفر آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت مقبوضہ کشمیر میں
کرفیوکو 66دن گزر چکے ہیں،مظالم کی انتہا ہے 15لاکھ قابض بھارتی افواج نے 41لاکھ خواتین کو گزشتہ 2ماہ سے یرغمال بنا رکھا ہے ، 10 لاکھ بچیوں کو تعلیم سے محروم کیا ہوا ہے ،لاکھوں بچیاں اسکولز اور کالجز جانے سے محروم ہیں ،قابض فوج خواتین کو بطور ہتھیار استعمال کررہی ہیں ،آزادکشمیر اور پاکستان کی خواتین اس مرحلے پر مقبوضہ کشمیر کی لاکھوں خواتین کے شانہ بشانہ ہیں ،جماعت اسلامی آزاد جموںو کشمیرخواتین ونگ 16اکتوبر کو اسلام آباد میں ’’ آزادی کشمیر خواتین مارچ ‘‘ کریں گی ۔مارچ کی قیادت امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق ،امیر جماعت اسلامی آزادکشمیر ڈاکٹر خالد محمود خان،سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی حلقہ خواتین پاکستان محترمہ دررانہ صدیقی کریں گی۔آزادکشمیر خواتین مارچ میں انسانی حقوق کی تنظیموں کی نمائندہ خواتین سمیت تمام شعبہ زندگی سے خواتین ہوں گی۔انہوںنے کہا کہ میں عالمی برادری اورخواتین کے حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کرتی ہوں کہ خاموشی کے بجائے مقبوضہ کشمیر میں خواتین پر ہونے والے مظالم کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔ یورپ ،امریکا سمیت اسلامی ممالک میں خواتین کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کی ذمے داری ہے کہ وہ اس موقع پر آگے بڑھیں اور 41لاکھ خواتین کو قابض بھارتی فوج سے آزادی دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔قابض فوج نے تحریک آزادی کشمیر کے دوران 11,144 خواتین کی عصمت دری کی،22910خواتین بیوہ ہیں جن کے بارے میں معلوم نہیں کہ ان کے شوہر زندہ ہیں یا شہید کر دیے گئے ہیں ، 107,780یتیم بچوں میں نصف تعداد بچیوں کی ہے جن کو والد سے محروم کردیا گیا اور اکثریت بچیوں کی ہے جن کو خوفزدہ کیا جارہا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق 350اسکولز کی بچیوں کو اغواکر لیا گیا ہے جن کے بارے میں کوئی معلومات نہیں کہ وہ کہاں ہیں، اغوا کا سلسلہ جاری ہے ۔مقبوضہ کشمیر کی مائوں بہنوں کی تحریک آزادی کشمیر میں خدمات قابل تحسین ہیں اور تاریخ کا سنہر ی باب ہیں ،پاکستان اور آزادکشمیر کی خواتین آزادی کے اس محاذ پر اپنی بہنوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گی ۔اس موقع پر میں تمام کشمیری خواتین سے اپیل کرتی ہوں کہ مقبوضہ کشمیر کی خواتین کی خاطر نکلیں اور 16اکتوبر کو ’’آزادی کشمیر خواتین مارچ ‘‘میں شریک ہو کر مظلوم کشمیری خواتین کی آواز کو عالمی اداروں تک پہنچانے کا ذریعہ بنیںاور اپنے حکمرانوں کو بھی کرفیو میں مبتلاخواتین کے لیے عملی اقدامات پر مجبور کریں۔ان شااﷲ 16اکتوبر کو اسلام آباد میں آزادی کشمیر خواتین مارچ میں ہزاروں خواتین شرکت کریں گی ۔
جماعت اسلامی خواتین