لمس کے زیر اہتمام اپنے دل کو ہیرو کریں کے عنوان سے واک

126

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) لیاقت یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز (لمس) جامشورو کے شعبہ امراض قلب کے زیر اہتمام عالمی یوم قلب کے موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بیکھا رام کی قیادت میں لمس کیمپس سے ’’اپنے دل کو ہیرو کریں‘‘ کے عنوان سے واک کا اہتمام کیا گیاجو کہ آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی ، واک کے اختتام کے بعد آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ میں ایک آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا جس میں خصوصی مہمان کے طور پر وائس چانسلرلمس ،ایم ایس ایل یو ایچ حیدرآباد اسپتال ڈاکٹر مبین احمد میمن،شعبہ امراض قلب لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدرآباد و جامشورو کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر عبدالغفار میمن، پروفیسر آف کارڈیولوجی نذیر احمد میمن، این آئی سی وی ڈی کارڈیولوجی کراچی کے پروفیسر خاور کاظمی سمیت لمس کے طلبہ و طالبات اور نرسنگ کالج کے طلباء بڑی تعداد میں شریک تھے۔ آگاہی سیمینار سے شعبہ امراض قلب لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدرآباد و جامشورو کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر عبدالغفار میمن نے اپنے خطاب کے دوران امراض قلب سے بچائو کے لیے آگاہی دیتے ہوئے سات اہم نکات پیش کیے اور کہا کہ روزانہ کم سے کم 30 منٹ چہل قدمی کی جائے، کھانے پینے میں نمک اور چینی کا استعمال کم کر کے سبزیاں، دالیں اور فروٹ کا استعمال زیادہ کیا جائے۔ جسمانی وزن پر کنٹرول رکھا جائے، سگریٹ نوشی سے پرہیز کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلڈ پریشر اور شوگر کو کنٹرول رکھیں جبکہ کولیسٹرول چیک کرا کر اپنے ڈاکٹر سے رجوع کرکے اس کی ہدایت پر عمل کریں اور اپنے دل کو ہیرو بنانے کے لیے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال دنیا بھر میں دل کے امراض کے سبب 18 ملین افراد موت کی آغوش میں چلے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دل پورے جسم کو خون فراہم کرتا ہے اور دل پورے جسم میں ایک اہم عنصر ہے مگر ہم اس کی صحت کے لیے کچھ نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر سمیت اس ملک میں دل کے امراض بڑھ رہے ہیں اور سب سے بڑی بات کہ آج کل نوجوان اور غریب افراد بھی اس مرض سے مبتلا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے دل کو ہیرو بنانے کے لیے واک کریں صحت کا خیال کریں غذا کی دیکھ بحال سمیت بلڈ پریشر، شوگر اور چکنائی سے بچنے اور اسے کنٹرول کرنے کے لیے کوشش کریں۔