بھٹ شاہ، ازواج مطہرات اور صحابہؓ کی شان میں گستاخی کیخلاف احتجاج

534

بھٹ شاہ (نمائندہ جسارت) بھٹ شاہ کے گستاخ کی ازواج مطہرات اور صحابہؓ کی شان میں گستاخی، مقدمہ درج، ملزم فرار، مذہبی کشیدگی کا خدشہ، سیاسی، سماجی، مذہبی جماعتوں کا احتجاج، ملزم کی فوری گرفتاری اور سزا کا مطالبہ۔ بھٹ شاہ کے پیر محلہ کے رہائشی شکیل چوہان کی ازواج مطہرات اور صحابہؓ کی شان میں گستاخی کرنے والے گستاخ کیخلاف اسلام راجپوت کی مدعیت میں 298A اور 25 ٹیلی گراف ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ملزم کی عدم گرفتاری پر اہلسنت والجماعت کے رہنماؤں ڈاکٹر ایاز چنڈ، علی شیر رند، فیصل راجپوت، عیسیٰ رند، اسلام راجپوت و دیگر کی قیادت میں بھٹ شاہ پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور گستاخ کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر اہلسنت والجماعت کے رہنما ڈاکٹر ایاز چنڈ کا کہنا تھا کہ دین اسلام کے لیے صحابہؓ کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔ نبی کریمﷺ کے جانثاروں کی شان میں گستاخی کی کسی کو بھی اجازت نہیں دے سکتے۔ صحابہؓ ہمارے سروں کے تاج ہیں، اگر صحابہؓ کی قربانیاں نا ہوتی تو آج ہم تک دین نا ہوتا ایک سوچی سمجھی سازش اور پلاننگ کے تحت شہر کا امن خراب کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ دو ہفتے قبل بھی ریاض شیدی ولد سومار شیدی نامی ملزم نے صحابہؓ کی شان اقدس میں نازیبا الفاظ استعمال کیے تھے جس پر مقدمہ بھی درج ہے لیکن اس کو آج تک گرفتار نہیں کیا گیا۔ اسی طرح ملزم شکیل چوہان نے بھی گستاخی کی لیکن اسے بھی تاحال گرفتار نا کیا جاسکا ہے۔ گزشتہ چند برسوں سے شہر کے امن کو خراب کرنے کی کوشش کی جاتی رہی ہے۔ ازواج مطہرات اور صحابہؓ کی شان اقدس میں گستاخی کرکے ہمارے ایمان کو مجروح کیا جا رہا ہے، جو نا قابل برداشت عمل ہے، ہم امن چاہتے ہیں لیکن چند عناصر ان ملزمان کی پشت پناہی کرکے شہر کا ماحول خراب کررہے ہیں۔ انہوں نے حکومت پاکستان سمیت محب وطن اداروں سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صحابہؓ کی شان میں گستاخی بند کروائیں اور مذکورہ واقع میں ملوث دونوں گستاخ ملزمان کو فوری گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی شر پسند ایسی حرکت نا کرے اور شہر کا امن بحال رہے دیگر صورت احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے پورے ملک میں احتجاج کیے جائیں گے۔