پنجابی طلبہ نے استقامت اور بہادری کے ساتھ ہر جبر کا مقابلہ کیا

201

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) سندھ پنجابی اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن (سپا) کے سرپرست اعلیٰ حاجی سیف الرحمن نے کہا کہ 26 برس قبل پنجابی طلبہ قائدین کے بچھڑنے کا غم گزرتے وقت کے ساتھ دائمی حیثیت حاصل کرچکا ہے۔ 23 اگست 93ء کو ہونے والے دردناک واقعہ کی غم انگیزی انفرادی طور پر آج بھی برقرار ہے۔ یہ جذبہ اس امر کا غماز ہے کہ زندہ قومیں اپنے شہدا کی قربانیوں کو نہ صرف یاد رکھتی ہیں بلکہ حقوق کی جنگ میں اُن کی جدوجہد کو خراج تحسین بھی پیش کرتی رہتی ہیں۔ وہ پنجابی طلبہ کے قائد اور سپہ سالار شہید ڈاکٹر محمد علی شہکی، ڈاکٹر ساجد چیمہ، نذیر احمد قریشی اور اطہراقبال آرائیں سمیت دیگر شہید طلبہ کی 26 اکتوبر کو سول اسپتال حیدرآباد کے احاطے میں منعقد کی جانے والی 26ویں برسی کی تقریب کے سلسلے میں انتظامات کی تکمیل پر جمع ہونے والے طالب علموں و کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ اجتماع سے مرکزی ر ہنما نواز چودھری اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجابی طلبہ نے استقامت اور بہادری کے ساتھ ہر جبر کا مقابلہ کیا ہے۔ مذکورہ رہنماؤں نے بتایا کہ برسی کی تقریب میں کراچی سمیت اندرون سندھ کے مختلف اضلاع اور شہروں سے قافلے شرکت کریں گے۔