بدین، شراب سمیت گٹکا اور مین پوری کی فروخت پر مکمل پابندی

92

بدین (نمائندہ جسارت) بدین میں قائم شراب خانوں سے مسلمانوں کو شراب کی فروخت کے علاوہ کچی شراب، گٹکا، مین پوری سمیت تمام منشیات کی فروخت پر سختی سے بندش اور شراب فروخت کے مقررہ اوقات پر عملدار آمد کروانے کے لیے شراب خانے پر پولیس اہلکار تعینات کرنے کی ہدایت۔ بدین میں قائم شراب کے گتھے سے مسلمانوں کو بڑے پیمانے پر شراب فروخت کرنے کی شکایت پر سیشن جج بدین کا نوٹس، مسلمانوں کو شراب خانے سے شراب کی فروخت پر بندش کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سیشن اینڈ ڈسٹرکٹ جج بدین ندیم احمد اخوند کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں ایس ایس پی بدین حسن سردار نیازی اور ڈائریکٹر ایکسائز نے شرکت کی۔ اس موقع پر سیشن جج بدین نے سختی سے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بدین میں قائم شراب کے گتھے پر مسلمانوں کو شراب فروخت کی اجازت نہیں دی جائے اور شراب کے گتھے پر شراب فروخت کرنے کے سرکاری مقرر اوقات پر سختی سے عمل کروایا جائے۔ جبکہ اس کے علاوہ کچی شراب ہیروئن، چرس، افیون، گٹکے، مین پوری سمیت تمام اقسام کی منشیات کی فروخت پر پابندی پر سختی سے عمل درآمد کرانے کی ہدایت کی گئی۔ ایس ایس پی بدین حسن سردار نیازی نے فیصلے پر فوری عملدرآمد کرتے ہوئے شراب کے گتھے پر پولیس سیکورٹی تعینات کرتے ہوئے ہدایت جاری کی کے شراب کے گتھے پر آنے والے خریداروں کی شناخت کے بعد شراب فروخت کو یقینی بنایا جائے اور اقلیتی افراد کے علاوہ کسی بھی مسلمانوں کو شراب فروخت نہیں کرنے دیا جائے اور ضلع بھر میں منشیات فروشی کیخلاف جاری مہم کو مزید تیز اور موثر بنا کر ضلع کو منشیات سے پاک کر دیا جائے۔