نعت رسول مقبول سے عقیدت ومحبت کا شعری اظہار ہے

304

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) نعت رسول مقبول جہاں رسالت مآبﷺ سے عقیدت ومحبت کا شعری اظہار ہے وہاں نعت لکھنا، پڑھنا اور سماعت کرنا انتہائی سعادت کی بات ہے۔ اس بات کا اظہار مہربان فاؤنڈیشن کے بانی سید مہربان علی نے کیا۔ وہ فاؤنڈ یشن کی جانب سے ماہ ربیع الاول کے آغاز میں حضرت حسین شاہ شمسی کے مزار کے احاطے میں اوائل عمری سے تعلق رکھنے والے بچوں اور بچیوں کے درمیان منعقد ہونے والے مقابلہ نعت خوانی میں رجسٹریشن کے لیے آنے والے بچوں اور ان کے سرپرستوں سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نعت رسول مقبولﷺ روشنی کا ایسا استعارہ ہے جو ادب کا سلیقہ اور قرینہ سکھاتا ہے یہ جذبہ انسان کو تہذیب، شائستگی اور منزل توحید سے آشنا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا بچہ کشمکش کے دور میں داخل ہوکر انٹرنیٹ، موبائل فون اور دیگر خرافات کے کھیل تماشوں میں گم ہوکر اپنے مذہبی، ادبی اور ثقافتی ورثے سے دور ہورہا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ بچوں کو دینی، فکری ، علمی اور تہذیبی قدروں کے قریب لایا جائے، یہ مقابلہ نعت اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں کو اس طرف راغب کرنے میں کردار ادا کریں۔ انہوں نے بتایا کہ پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں کو اعلیٰ انعامات اور اعزازات سے نوازا جائے گا۔ مقابلے میں جج کے فرائض استاد شفیع وارثی، علی بلاول، شہریار علی او رخدابخش انجام دیںگے۔