فضل الرحمن کا اسلام آباد آنا خود کشی ہوگا،وفاقی وزیر داخلہ

107

اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر (ر)اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کا اسلام آباد آنا خودکشی ہوگا۔مجھے پوری امید ہے کہ مولانا فضل الرحمان دھرنا نہیں کریں گے۔مولانا فضل الرحمان ساری عمر سے سیاست میں ہیں اور ان کے والد بھی سیاست میں تھے اور میرے خیال کے مطابق مولانا صاحب نہیں آئیں گے، مجھے خود بھی لگتا ہے کیونکہ یہ خود کشی ہے۔ نریندرا مودی کی حکومت دبائو میں ہے اور ہماری حکومت اور وزیر اعظم عمران خان نے سفارتی سطح پر جو اقدامات کیے ہیں ان کے نتیجے میں مجھے امید ہے کہ مستقبل قریب میں مقبوضہ کشمیر سے کرفیو ختم ہو جائے گا اور حالات معمول پر آجائیں گے۔سب کو پتہ ہے مہنگائی کیوں ہے، موجودہ حکومت کو تو 12ماہ ہوئے ہیں،جو پہلے 70سال سے حکومت کر رہے ہیں یہ ان کو پوچھنا چاہیے۔ 2000ء میں ڈالر کی قیمت 60روپے تھی اور 2018میں یہ قیمت 100روپے سے اوپر ہو گئی ، یہ ہماری معیشت کی حالت تھی۔موجودہ حکو مت نے سخت اقدام لیے ہیں جس سے مجھے یقین ہے کہ آئندہ دنوں میں معیشت بھی ٹھیک ہو جائے گی۔ان خیالات کا اظہار اعجاز شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ27اکتوبر 1947کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر قبضہ کیا تھا،کیاوہ دھرنے کی یہ تاریخ دینا چاہتے ہیں جب بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر قبضہ کیا تھا اور اس وقت نہرو نے کیا تھا اور مولانا اس صف میں کھڑا نہیں ہونا چاہیں گے،مجھے پوری امید ہے کہ مولانا فضل الرحمان دھرنا نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ مولانا کے مطالبات پڑھیں تو ان میں سے ایک بھی مطالبہ ایسا نہیں ہے جس کا نوٹس حکومت نے نہ لیا ہو۔میں نے گذشتہ روز بھی بتایا تھا کہ کسی کا نصاب تبدیل نہیں ہو رہا،کوئی مدرسوں کے اوپر پابندیاں نہیں لگ رہیں۔ درحقیقت اس میں بہتری لائی جارہی ہے۔
وزیر داخلہ