ملک کو لنگر خانوں کی نہیں کارخانوں کی ضرورت ہے،محمد حسین محنتی

140

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ کشمیر ہمارا دل ہے جو کبھی بھی بھارت کا حصہ نہیں رہا ہے اس لیے تو بانی قائد اعظم محمد علی جناح نے اس کوپاکستان کی شہ رگ کہا تھا کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے جانوروںتک کے حقوق کی بات کرنے والے مغرب‘ موم بتی مافیا سمیت انسانی حقوق کے ادارے کشمیریوں پر بھارتی مظالم پر کیوں خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں دنیا کو دہشت گردی اور آزادی کی جدوجہد میں فرق کرنا پڑے گا۔ پاک فوج کشمیر یوں کو بھارتی چنگل سے آزاد کرانے کے لیے آگے بڑھے پوری قوم ان کے ساتھ ہوگی، 13اکتوبر کوامیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی زیر قیادت حیدرآباد میں تاریخی کشمیر مارچ ہوگا عوام بھر پور شرکت کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے گاجا موری پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں علاقے کے معززین نے اپنی برداریوں کے ساتھ کشمیر مارچ میں بھر پور شرکت کا اعلان کیا اس موقع پر ضلعی امیر حافط طاہر مجید‘ صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا، مقامی رہنما ماسٹر جعفر نظامانی اورمقبول نظامانی سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ محمد حسین محنتی نے کہاکہ وزیر اعظم کا دوسرے ممالک میں جاکر اپوزیشن پر تنقید سمیت پاکستان کی خرابیوں کی بات کرنا ان کو زیب نہیں دیتا یہ عمل ملکی معیشت کے لیے نقصان دہ ہے جس ملک میں جاکر وہ سرمایہ کاری کی دعوت دے رہے ہیں وہاں پر اپنے ملک کی خرابیوں کا ذکر کرکے وہ کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ملک کو ان لنگر خانوں کی نہیں کارخانوں کی ضرورت ہے ، پی ٹی آئی کی طرح پیپلزپارٹی نے بھی عوام کو روٹی کپڑا اور مکان کے سبزباغ دکھائے تھے اور انہیں آج ا ن ہی چیزوں سے محروم کیاجارہاہے سندھ کو پیرس بنانے کے دعویداروں نے آج کراچی تا کشمور موئن جودڑوبنادیا ہے ۔
محمد حسین محنتی