طالبہ مصباح قتل میں افغان ڈکیت گروپ ملوث ہے، پولیس

112

کراچی(آن لائن) کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں اسٹریٹ کرائم کے دوران قتل کی جانے والی میڈیکل کی طالبہ کے قاتلوں سے متعلق پولیس نے اہم انکشاف کیا ہے جبکہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 111 افراد کے قتل میں ملوث ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرلیا ہے۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن عرفان زمان کی سربراہی میں ٹیم نے ملزمان کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں اسٹریٹ کرائم کی واردات کے دوران میڈیکل کی طالبہ مصباح کو افغانیوں پر مشتمل ڈکیت گروپ نے قتل کیا، ایک ملزم کو گرفتار کرکے لڑکی کے والد سے چھینا گیا موبائل فون، واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔ ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر نے بتایا کہ گرفتار ملزم محمد نبی افغانی اسٹریٹ کرمنل ہے جس کا ساتھی قاری بشیر افغانی تاحال فرار ہے، ملزمان نے گزشتہ ہفتے گلشن اقبال میں موچی موڑ پر اسٹریٹ کرائم کی واردات کے دوران فائرنگ کرکے طالبہ مصباح کو قتل کردیا تھا۔گرفتار ملزم کے مطابق وہ ایک سال پہلے تک اس علاقے میں کچرا چنتا تھا جس کے بعد ملزم گاڑیوں کی بیٹریاں چوری کرنے لگا، 5ماہ قبل ملزم نے اپنے ساتھیوں فضل، نعمت اور قاری بشیر کے ساتھ مل کر ایک گروپ بنایا اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں شروع کردیں۔ کراچی میں ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر کو گرفتار کیا ہے جو 111 قتل کی وارداتوں میں ملوث ہے، ملزم سرکاری عباسی شہید اسپتال میں ملازم تھا، اس کا نیٹ ورک بھی بے نقاب ہوگیا ہے جس میں بہت سے ملزمان شامل ہیں جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہے ہیں، اس گروہ کے خلاف 57 مقدمات اب تک سامنے آچکے ہیں۔ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر نے کہا کہ گرفتار ملزم سانحہ 12 مئی میں بھی ملوث ہے، کچھ عرصہ قبل اس نے اپنا حلیہ تبدیل کرلیا اور تبلیغ پر چلا گیا تھا۔
مصباح قتل /پولیس