قائداعطم ٹرافی، خیبر پختونخواہ کے آل رائونڈر ساجد خان کے شاندار 92 رنز فیض کی عمدہ بولنگ

181

کراچی (اسٹاف رپورٹر)حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس پشاور میں ریحان آفریدی اورساجد خان کے درمیان 148 رنز کی شراکت کی بدولت خیبرپختونخوا نے پہلی اننگز میں 264 رنز بنائے۔ جواب میں 127رنز پر بلوچستان کے 6 کھلاڑی آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ چکے ہیں۔میچ کے دوسرے روز خیبرپختونخوا نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 81 رنز سے کھیل کا آغاز کیا۔ ریحان آفریدی نے 93 اور آل راؤنڈر ساجد خان نے 92 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔بلوچستان کی جانب سے گوہر فیض نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔88 رنز کے خسارے سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی بلوچستان کرکٹ ٹیم کے بلے بازمیچ کے دوسرے روز بھی مشکلات کا شکار رہے۔ دن کے اختتام پر بلوچستان کے فہد اقبال 43 اور داؤد خان 7 اسکور بنا کر کریزپر موجود ہیں۔پہلی اننگز میں 7 شکار کرنے والے ساجد خان اب تک میچ میں 11 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔اس سے قبل بلوچستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 176 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ادھر مظفر آباد اسٹیڈیم میں میچ میں ناردرن کی ٹیم سدرن پنجاب کے خلاف فالو آن کا شکار ہوگئی ۔306 رنز کے جواب میں ناردرن کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 117 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ مہمان ٹیم کے مینٹور ذوالفقار بابر نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ناردرن نے دوسری اننگز میں2وکٹوں کے نقصان پر 149رنز بنالیے ہیں۔ میچ کے دوسرے روز ناردرن کرکٹ ٹیم کے اوپنر آفاق رحیم اور عمروحید نے 1 وکٹ کے نقصان پر 6 رنز سے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا توشعیب احمد کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکا اور پوری ٹیم 117 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ مڈل آرڈر بیٹسمین شعیب احمد نے45 رنز اسکور کیے۔ سدرن پنجاب کے مینٹوراورتجربہ کار اسپنرذوالفقار بابر نے 23 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ضیاء الحق نے 3 جبکہ عطاء اللہ نے 2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 189 رنز کے خسارے سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی ناردرن کرکٹ ٹیم نے دن کے اختتام پر 149 رنز بنالیے ہیں اور اس کے 2کھلاڑیوں آؤٹ ہوئے ہیں۔میزبان ٹیم تاحال40 رنز کے خسارے کا شکار ہے۔ عمر وحید 62 اور شعیب احمد 25 اسکور سے میچ کے تیسرے روز کھیل کا آغاز کریں گے۔ دوسری جانب نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں میچ میں355 رنز کے جواب میں سنٹرل پنجاب کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 228 رنزبنا کر آؤٹ ہوگئی۔ سندھ کے اسپنر دانش عزیز نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ دوسری اننگز میں سندھ کی ٹیم مشکلات کا شکار ہے۔ 50 رنز پر ان کے 4 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے ہیں۔ میچ کے دوسرے روزسنٹرل پنجاب نے1 وکٹ کے نقصان پر 20 اسکور سے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا۔ مہمان ٹیم رضا علی ڈار کے 48 اور فرحان خان کے ناقابل شکست 41 رنز کی بدولت 228 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔ سندھ کی جانب سے دانش عزیز نے 4 اور عاشق علی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں سندھ کرکٹ ٹیم نے دن کے اختتام پر دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 50 رنز بنائے ہیں۔ سیف اللہ بنگش اور دانش عزیز میچ کے تیسرے روز کھیل کا آغاز کریں گے۔