کوسٹ گارڈ کی کارروائی ،اربوں روپے مالیت کی ہیروئن ،ڈیزل برآمد

370
کراچی: کوسٹ گارڈ کی کارروائی میں پکڑی جانے والی منشیات میڈیا کو دکھائی جا رہی ہے
کراچی: کوسٹ گارڈ کی کارروائی میں پکڑی جانے والی منشیات میڈیا کو دکھائی جا رہی ہے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کوسٹ گارڈ نے مختلف کارروائیوں میں2ارب 96کروڑ روپے مالیت کی ہیروئن،ہتھیاراورایرانی ڈیزل برآمدکرلیا۔ ترجمان پاکستان کوسٹ گارڈکے مطابق کوسٹ گارڈ کو اطلاع ملی تھی کہ پسنی(بلوچستان)کے ساحل سے منشیات اسمگل ہونے کا خدشہ ہے۔ اطلاع پر ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈبریگیڈئر سجاد سکندر رانجھا نے متعلقہ کمانڈر کو چیکنگ مزیدسخت کرنے کے احکامات جاری کیے۔ کوسٹ گارڈ کو پسنی کے ساحل سے 8نائیٹکل میل دورکھلے سمندر میں اسپیڈ بوٹس کی چیکنگ کے دوران 50کلو گرام اعلی معیار کی ہیروئن ملی۔ منشیات مشرق وسطی اسمگل کی جا رہی تھی، کوسٹ گارڈ نے منشیات اورکشتی کو تحویل میں لے لیا۔ایک اور کاروائی کے دوران نیلینٹ چیک پوسٹ(گوادر)پر کار کی سیٹوں کے نیچے چھپائے گئے۔5عدد 9ایم ایم، 2عدد 30بور پسٹل اور 290راؤنڈ برآمد کر کے3افراد کو حراست میںلے لیاہے۔وندر میںایک کارروائی میںچھپایا گیا 16 ہزارلیٹر ایرانی ڈیزل برآمدکر لیا۔پکڑی جانے والی منشیات، ڈیزل اور اسپیڈ بوٹ کی مالیت عالمی مارکیٹ میں تقریبا2964.3ملین روپے ہے۔ گرفتار 3 اسمگلروں کیخلاف ایف آئی آردرج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔