سراج الحق کی قیادت میں 13اکتوبر کو حیدر آباد میں تاریخی کشمیرمارچ ہوگا، حسین محنتی

291

کراچی /حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر+نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ سینیٹر سراج الحق کی زیر قیادت 13 اکتوبر کو حیدرآباد میں تاریخی کشمیر مارچ ہوگا، عوام بھرپور شرکت کرکے اپنے جذبات کا اظہار کریں ۔کشمیر ہمارا دھڑکتا دل ہے جو کبھی بھی بھارت کا حصہ نہیں رہا ہے اس لیے تو بانی پاکستان قائد اعظمؒ نے اس کو شہ رگ کہا تھا۔ کشمیر کے بغیر پاکستان نا مکمل ہے۔ کتوں و بلیوں کے حقوق کی بات کرنے والے مغرب، موم بتی مافیا سمیت حقوق انسانی کے ادارے 2 ماہ سے محصور کشمیریوں پر بھارتی مظالم پر کیوں خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ دنیا کو دہشت گردی اور آزادی کی جدوجہد میں فرق کرنا پڑے گا۔ فوج کشمیریوں کو بھارتی چنگل سے آزاد کرانے کے لیے آگے بڑھے پوری قوم ان کے ساتھ ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گاجا موری میں اجتماع عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں علاقے کے معززین نے شرکت اور کشمیر مارچ میں اپنی برادریوں کے ساتھ بھرپور شرکت کا اعلان کیا۔ ضلعی امیر حافظ طاہر مجید، صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا، مقامی رہنماماسٹر جعفر نظامانی، مقبول نظامانی و دیگر بھی موجود تھے۔محمد حسین محنتی نے کہا کہ وزیر اعظم کا دوسرے ممالک میں جاکر اپوزیشن پر تنقید سمیت پاکستان کے خلاف خرابیوں کی بات کرنا نہ صرف ان کو زیب نہیں دیتا بلکہ یہ معیشت کے لیے بھی ناقابل تلافی نقصان ہے۔ جس ملک میں جاکروہ سرمایہ کاری کی دعوت دے رہے ہیں وہاں پراپنے ملک کی خرابیوں کا ذکر کر کے وہ کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں؟۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو لنگر خانوں کی نہیں کارخانوں کی ضرورت ہے۔ پی ٹی آئی کی طرح پیپلز پارٹی نے بھی عوام کو سبز باغ دکھائے۔ روٹی کپڑا مکان دینے کے بجائے عوام کو ان سے محروم کیا جارہا ہے۔ سندھ کو پیرس بنانے کے دعوے کے برعکس آج کراچی سے کشمور پورا سندھ موئن جو دڑو بنا ہوا ہے۔ ملک ترقی اور عوام کے مسائل کا حل صرف شریعت کے نفاذ میں ہے جس کے لیے جماعت اسلامی اپنے قیام کے روز اول سے ہی جدوجہد کر رہی ہے۔ حکومت مہنگائی بے روزگاری کے خاتمے اور نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لیے کرپشن فری اور سنجیدہ اقدامات کرے۔علاوہ ازیں حیدرآباد میں مارچ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں ، قائدین و کارکنان گھر گھر رابطے کررہے ہیں جبکہ شہر بھر میں بینرز ، پوسٹرز اور جھنڈے لگانے کا سلسلہ جاری ہے۔