چودھری شوگر ملز کیس:مریم نواز اور یوسف عباس کے ریمانڈ میں 14روز کی توسیع

88

لاہور (نمائندہ جسارت) چودھری شوگر ملز کیس میں مریم نواز اور ان کے کزن یوسف عباس جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر احتساب عدالت میں پیش، عدالت نے دونوں کے ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کرتے ہوئے حکم دیا کہ مریم نواز اور یوسف عباس کو 23 اکتوبر کو پیش کیا جائے، عدالت نے سماعت کے دوران لوگوں کی مریم نواز کے ساتھ سیلفیوں پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے کمرہ عدالت میں موبائل فون بند کرا دیے، عدالت نے ریمارکس دیے کہ کیا تماشا لگایا ہوا ہے، عدالت میں کارکنوں کو کیوں آنے دیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جیل میں مجھ سے موبائل فون برآمد ہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، آئی جی جیل نے بھی اس کی تردید کی ہے، کیپٹن(ر) صفدر نے کہاکہ اب کی بار صرف مسلم لیگ(ن) ہی نہیں بلکہ 22 کروڑ عوام اس دھرنے میں شرکت کریں گے۔۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت میں مریم نواز اور یوسف عباس کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ فاضل جج نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ مریم نواز اور یوسف عباس کا ریفرنس کب دائر کیا جائے گا؟ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ دونوں کے خلاف تحقیقات ابھی جاری ہیں، تحقیقات مکمل ہونے پر چودھری شوگر مل کا ریفرنس دائر کردیا جائے گا۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے مریم نواز اور ان کے کزن یوسف عباس کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14روز کی توسیع کردی۔ عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے کہا کہ آج محبان وطن عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں۔