فاروق ستار کی ضرورت نہیں، قابل لوگ موجود ہیں، انیس قائم خانی

299

ملتان (صباح نیوز) پاک سر زمین پارٹی کے صدر انیس قائم خانی نے کہا ہے کہ انہیں فاروق ستار کی ضرورت نہیں ان کے پاس باصلاحیت ٹیم موجود ہے، پاک سر زمین پارٹی، مولانا فضل الرحمان کے دھرنے کی حمایت نہیں کرتی، دھرنوں سے حکومت گرانے کے حق میں نہیں۔ ملتان میں تنظیمی دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم لسانیت نہیں پاکستانیت چاہتے ہیں۔ ہم نے کراچی میں پاکستان کا مقدمہ لڑا ہے۔ پاکستانیت کی سیاست کرتے ہیں۔ گزشتہ 30 سال سے کراچی میں اندرون خانہ بھارت قابض تھا جس کے جمود کو پاک سر زمین پارٹی نے توڑا ہے۔ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم دونوں کرپٹ ہیں کراچی کے مسائل حل نہیں کرنا چاہتیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں مسلسل ظلم ہو رہا ہے کشمیری پاکستان اور پاکستانی افواج کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ پاکستان میں عوام بدترین مہنگائی کا سامنا کر رہے ہیں۔ آپ دنیا بھر کے دورے ضرور کریں لیکن خدارا عام آدمی کو ریلیف دیں۔ انہوں نے تحریک انصاف سے جنوبی پنجاب صوبے کی تشکیل کے وعدے کی تکمیل کا بھی مطالبہ کیا۔