آزادی مارچ میں کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کریں گے ، بلوچستان حکومت

147

کوئٹہ(آن لائن)وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان جمعیت علمائے اسلام (ف)کے آزادی مارچ میں کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کرے گی، جے یو آئی(ف) جمہوری جماعت ہے، دھرنادینا ان کاجمہوری حق ہے۔ہوم ڈپارٹمنٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ اہم شخصیات کی سیکورٹی پر 120سے زاید پولیس اہلکار بلا لیے گئے، چیک پوسٹوں پر بھتا خوری سے متعلق شکایت سیل جلدقائم کریںگے، کسی بھی چیک پوسٹ پر بھتا خوری کانوٹس لیا جائے گا۔صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت نے گڈ گورننس پر توجہ دی اور صوبے میں دہشت گردی کے واقعات پر کافی حد تک قابو پایا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کواختیارات سے تجاوز کرنے نہیں دیںگے،ہر ضلع کے پولیس اور لیویز کے رویے کے حوالے سے ہوم ڈیپارٹمنٹ میں شکایات سیل قائم کردیاگیاہے تاکہ کسی بھی چیک پوسٹ پرعوام کو مشکلات کاسامنا نہ ہو اگر ایسا ہوا توسخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی بھی چیک پوسٹ پربھتا خوری کی اجازت نہیں دیںگے اور اس کانوٹس لیا جائے گا،عوام کے جان ومال کا تحفظ حکومت کی ذمے داری ہے، محکمہ داخلہ بھتا خوری پر قابو پانے کے لیے بھی شکایت سیل قائم کررہی ہے، عوام فوری شکایات سیل سے رابطہ کریں۔