اے این ایف نے رانا ثنا اللہ پر فرد جرم عاید کرنیکی درخواست دائر کردی

105

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور کی انسداد منشیات عدالت نے منشیات اسمگلنگ کیس میں مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر و رکن قومی اسمبلی رانا ثنا اللہ سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عاید کرنے کی اے این ایف کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مقدمے کے مدعی کو بھی طلب کرلیا۔ عدالت کے جج خالد بشیر نے کیس کی سماعت کی۔ جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر رانا ثنا اللہ کو سخت سیکورٹی حصار میں عدالت کے روبرو پیش کیا گیا‘ عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ میں9 روز کی توسیع کرتے ہوئے انہیں دوبارہ 18 اکتوبر کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ دوران سماعت عدالتی احکامات پر سیف اتھارٹی نے وقوع کی وڈیوز سیل بند لفافے میں عدالت کو پیش کیں اور بتایا کہ دونوں فریقین کی نشاندہی پر فوٹیجز محفوظ بھی کر لی گئی ہیں۔ اے این ایف کے وکیل نے رانا ثنا اللہ پر فرد جرم عاید کرنے کی درخواست جمع کرائی اور کہا کہ اگر جج ٹرائل سن سکتا ہے تو پھر فرد جرم عاید کی جائے ‘ ہم بھی ثبوت پیش کرتے ہیں‘ یہ بھی اپنے ثبوت دے دیں‘ اس کیس کو ہائی جیک کیا جا رہا ہے‘ یہ باہر جاتے ہیں تو کہتے ہیں کہ ان کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے۔ دوران سماعت رانا ثنا اللہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے فون کی سی ڈی آر نہیں دی جا رہی وہاں بھی ریڈ الرٹ لگا دیا گیا ہے۔ پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سیف سٹی کے ریکارڈ نے میرے موقف کو درست ثابت کیا ہے کہ ٹول پلازہ پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی‘ میں نے کبھی زندگی میں ہیروئن نہیں دیکھی‘ شہریار آفریدی کو قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔