پاکستان اسٹاک کی سرمایہ کاری مالیت میں 9 ارب کا اضافہ

145

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میںتیزی کے نتیجے میںسرمایہ کاری مالیت میں9ارب60کروڑ روپے سے زائدکااضافہ، منگل کے دن مندی کے بعد کاروباری ہفتے کے تیسرے روزبدھ کو اتارچڑھائو کے بعد تیزی رہی اورکے ایس ای100انڈیکس کی33500پوائنٹس کی حد بحال ہوگئی۔ سرمایہ کاروں نے بتایا کہ وزیر اعظم کے غیر ملکی دورے کے دوران ہونے والے معاہدے کی وجہ سے تیزی کے نتیجے میںسرمایہ کاری مالیت میں9 ارب 60کروڑ روپے سے زائدکااضافہ ،کاروباری حجم گذشتہ روزکی نسبت2.18فیصدکم جبکہ53.29فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔فروخت کے دبائو اور پرافٹ ٹیکنگ کے باعث بدھ کو کاروبار کا آغاز منفی زون میں ہوا، ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای100انڈیکس33340پوائنٹس کی نچلی سطح پر بھی ریکارڈکیاگیاتاہم وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کے باعث حکومتی مالیاتی اداروں، مقامی بروکریج ہائوس سمیت دیگرانسٹی ٹیوشنز کی جانب سے توانائی ، فوڈز، بینکنگ،سیمنٹ،اسٹیل اورکیمیکل سیکٹر سمیت دیگرمنافع بخش سیکٹرمیں سرمایہ کاری کی گئی،جس کے نتیجے میں مندی کے اثرات زائل ہوگئے اورٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای 100انڈیکس33604پوائنٹس کی سطح پر بھی دیکھا گیاتاہم پاک بھارت کشیدگی اور ملکی معاشی ناگفتہ بہ صورتحال کے باعث مقامی سرمایہ کارگروپوں نے اپنے حصص فروخت کرتے کوترجیح دی،جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس مذکورہ سطح پر برقرارنہ رہ سکاتاہم اتارچڑھائو کا سلسلہ سارادن جاری رہا۔ مارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای100 انڈیکس 47.12پوائنٹس اضافے سے 33523.74پوائنٹس پر بندہوا۔بدھ کومجموعی طورپر379کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے202کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ،152کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ25کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔سرمایہ کاری مالیت میں9ارب60کروڑ 78 لاکھ98ہزار505روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے نتیجے میں سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر 66 کھرب8ارب33کروڑ98لاکھ70 ہزار409 روپے ہوگئی۔بدھ کومجموعی طور پر23کروڑ76 لاکھ 76 ہزار960شیئرزکاکاروبارہوا،جومنگل کی نسبت 53 لاکھ48ہزار370شیئرزکم ہیں۔قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے حساب سے باٹاپاک کے حصص سرفہرست رہے ،جس کے حصص کی قیمت 74.50 روپے اضافے سے 1618.00روپے اورماڑی پیٹرولیم کے حصص کی قیمت45.61روپے اضافے سے 1058.15 روپے پر بند ہوئی۔نمایاں کمی یونی لیور فوڈزکے حصص میں ریکارڈکی گئی،جس کے حصص کی قیمت 249.00 روپے کمی سے5551.00روپے اورکولگیٹ پامولیوکے حصص کی قیمت38.35روپے کمی سے1775.01روپے ہوگئی۔ ۔بدھ کولوٹے کیمیکل کی سرگرمیاں2کروڑ70لاکھ67ہزار500شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں،جس کے شیئرزکی قیمت98پیسے اضافے سے15.48روپے اوریونٹی فوڈزلمیٹڈکی سرگرمیاں2کروڑ60لاکھ68ہزارشیئرزکے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں،جس کے شیئرزکی قیمت33پیسے اضافے سے10.95روپے ہوگئی۔بدھ کوکے ایس ای 30 انڈیکس19.06پوائنٹس اضافے سے 15754.76 پوائنٹس، کے ایم آئی 30انڈیکس18.37پوائنٹس اضافے سے 53487.97پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 37.06پوائنٹس اضافے سے 24187.77 پوائنٹس پربندہوا ۔