مسئلہ کشمیر تقریروں سے نہیں جہاد سے حل ہو گا،عمران رشید

135

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی 117کے امیرعمران رشید،جنرل سیکرٹری رانامحمداقرار، نائب امیر محمدسلیم انصاری،جے آئی یوتھ کے صدر شیخ محمدنعیم نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر تقریروں سے نہیں جہاد سے حل ہو گا، ٹرمپ اور مودی نہ صرف مسلمانوں بلکہ پوری انسانیت کے دشمن ہیں۔ کرتار پور راہداری کھولنا کشمیریوں کے زخموں پرنمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکمران ہر شعبے میں ناکام ہو گئے ہیں کشمیر کے مسئلے پر اچھی تقریر یا واہ واہ کرنے سے کام نہیں چلے گا، نہ کشمیریوں پر بھارت ظلم وستم بند کرے گا۔اب تقریروں سے بڑھ کر کام کرنا ہو گا اور مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ یا سلامتی کونسل کے ذریعے نہیں جہاد کے ذریعے حل ہو گا۔ امریکا پاکستان کا نہیں بھارت کا دوست ہے اس کی ثالثی کی پالیسی منافقت کی پالیسی کے سوا کچھ نہیں۔ وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا مسئلہ کیوں نہیں اٹھایا؟ امریکا سے ڈر کی وجہ سے جو اپنی قوم کی بیٹی پر آواز نہیں اٹھا سکتا وہ کشمیر ی مائوں بیٹیوں کے آزادی کے لیے کیا آواز اٹھائے گا۔ حکمران امریکا سے آکر کشمیر پر قوم کو اعتماد میں لینے کے بجائے کرتار پور راہداری کھولنے کی تقریب منعقد کرنے کی تیاریاں کر رہے ہیں جو کشمیری مسلمانوں کے زخموں پرنمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا اب یہ جنگ عوام کو لڑنی ہے اور حکمرانوں کو بتانا ہوگا کہ کشمیر پر سودا بازی منظورنہیں۔