میرپورخاص،ہیوی گاڑیوں کی آمد سے حادثات میں خطرناک اضافہ ،

129

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) گڈز پرچون کمپنیاں شہریوں کے لیے وبال جان بن گئیں، اسکول و دفاتر ٹائم میں ہیوی گاڑیوں کے شہر میں داخل ہونے کی وجہ سے حادثات اور ہائی ٹینشن بجلی کی تاریں ٹوٹنا، ٹرنسفارمر سے ٹکرانا معمول بن گیا ہے، کالجز اور اسکولوں کے آس پاس کمپنی ملازمین بلند آواز میں گالم گلوچ کرتے ہیں۔ طالب علموں پر برا اثر پڑرہا ہے۔ گڈز کمپنیاں شہر سے باہر اور دن کے اوقات میں بھاری گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کی جائے۔ ٹریفک جام کا مسئلہ بھی ان کی وجہ سے ہی رہتا ہے۔ ڈپٹی کمشنر، ڈی آئی جی ایس ایس پی نوٹس لیں، عوامی حلقوں کا مطالبہ۔ سندھ بھر میں ہیوی مال بردار گاڑیوں کے دن کے اوقات میں پابندی عائد ہے جبکہ بیشتر شہروں میں یہ پرچون گڈز کمپنیاں شہر سے باہر قائم ہیں میرپورخاص میں بھی گڈز اڈا شہر سے باہر قائم ہے مگر صرف پرچون گڈز کمپنیاں شہرکے وسطی علاقوں ٹور آباد، اقبال نگر، کالے خان پمپ، لالچند آباد، ڈھولن آباد میں قائم ہیں۔ ان علاقوں میں شاہ ولی اللہ ہائی اسکول، سن رائز اسکول، ابن رُشد گرلز کالج سمیت دیگر درجنوں پرائیویٹ اسکول موجود ہیں جبکہ پرائمری ایجوکشن سمیت دیگر سرکاری دفاتر بھی ان علاقوں میں موجود ہیں۔ صبح کے اوقات میں جب بچے، لڑکیاں اور سرکاری دفاتر میں کام کرنے والے اپنے اسکول اور دفاتر جاتے ہیں، عین اسی وقت ان کمپنیوں کی ہیوی گاڑیاں جو کہ اوور لوڈ ہوتی ہیں، شہر میں داخل ہونا شروع ہوجاتی ہیں، جن کی وجہ سے اسکولوں کے معصوم بچے سخت خوف کے عالم میں سڑکیں کراس کرتے ہوئے اپنے اسکولوں کو جاتے ہیں کئی بار حادثات بھی رونما ہوچکے ہیں۔ ان اوور لوڈ گاڑیوں کی وجہ سے بجلی کے ٹرانسفارمر اور تاریں آئے روز ٹوٹ کر زمین پر آگرتی ہیں، جس کی وجہ سے علاقوں میں بجلی کی سپلائی اکثر معطل رہتی ہے سروے کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ پرچون گڈز کمپنیاں اسکولوں کے باکل قریب واقع ہیں، ان کمپنیوں پر آنے والی ہیوی ٹرکوں کے ڈرائیورز حضرات اور کمپنی ملازمین اکثر گاڑیوں میں بیٹھ کر گالم گلوچ کے ساتھ ساتھ نشہ بھی کرتے پائے گئے ہیں اور کالجز جانے والی طالبات کے ساتھ بدتمیزی کرنے کے واقعات پیش آتے ہیں، کئی سال قبل گڈز کمپنیاں شہر سے باہر قائم کردی گئی تھیں، مگر یہ پرچون گڈز کمپنیاں تاحال شہر کے وسط میں ہی موجود ہیں، جس کی نشاندہی کئی بار میڈیا کرچکا مگر انتظامیہ کسی بڑے حادثے کی منتظر ہے، شہر میں ٹریفک جام بھی ان ہی ہیوی گاڑیوں کی وجہ سے رہتا ہے۔ شہری حلقوں نے ڈپٹی کمشنر، ڈی آئی جی اور ایس ایس پی میرپورخاص سے مطالبہ کیا ہے کہ پرچون گڈز کمپنیاں شہر سے باہر منتقل کی جائیں اور ہیوی گاڑیوں کے شہر میں دن کے اوقات میں داخلے پر پابندی عائد کی جائے۔