ٹھٹھہ، پولیس کی کارروائیوں میں 37 گٹکا فروش گرفتار

441

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) ہائی کورٹ آف سندھ کے احکامات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان پینل کوڈ کے سیکشن 337-J نافذ ہونے پر ٹھٹھہ پولیس نے ضلع بھر مختلف مقامات پر کارروائیاں کرکے 37 مقدمات درج کیے گئے جس میں 37 گٹکا فروش ملزمان کو گرفتار کرکے 10571 گٹکا ماوا پڑیاں اور 2026 کلو گٹکا مٹریل برآمد کیا گیا۔ اس کے علاوہ 3 گٹکا فیکٹریوں کو سیل کرکے 2 مکسر اینڈ پیکنگ مشینیں بھی برآمد کرلی گئیں۔ ٹھٹھہ میں گٹکا فروش مافیا کی شکل اختیار چکے ہیں مگر ٹھٹھہ پولیس اسی گٹکا مافیا کے کسی بھی جھانسے میں نہیں آئے گی اور ان کیخلاف بھرپور کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ ٹھٹھہ کے باشعور عوام، سول سوسائٹی اور سماجی تنظیموں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ گٹکے کیخلاف اس جنگ میں ٹھٹھہ پولیس کا ساتھ دیں۔ ایس ایس پی ٹھٹھہ شبیر احمد سیٹھار نے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ گٹکے کی فروخت یا سپورٹ میں جو بھی پولیس افسر یا جوان ملوث پایا گیا تو اس کیخلاف سخت سے سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی اور کسی بھی صورت میں معاف نہیں کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ تمام ٹائپ کے گٹکا ڈیلرز کے موبائل فونز کی فارنزک سی ڈی آر نکلوائی جارہی ہیں جو بھی پولیس اہلکار ان کے ساتھ رابطے میں ہوگا اس کیخلاف بھی سخت کارروائی ہوگی۔