غریب عوام بیروزگاری اور مہنگائی کے ہاتھوں پریشان ہیں ،ذکراللہ مجاہد

245

لاہور (نمائندہ جسارت) صدر گورننگ باڈی ثریا عظیم (وقف) اسپتال وامیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت میں ہی اللہ کی خوشنودی اور کامیابی کی ضمانت ہے۔ جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام ثریاعظیم سمیت دیگر ادارے غریب نادار لوگوں کی خدمت خلق میں کوشاں ہے اور صحت کی مفت سہولیات فراہم کررہا ہے۔ حکمران لنگر خانوں کے بجائے روزگار اور علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کریں ۔ غریب عوام بے روزگاری اور بے تحاشا مہنگائی کی وجہ سے علاج معالجہ کی سہولیات سے محروم ہے اور حکمران عجیب منطق کے پروجیکٹس پر قومی وسائل برباد کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ثریا عظیم وقف اسپتال میں دو روزہ فری ہارٹ اینڈ میڈیکل کیمپ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری گورننگ باڈی اسپتال افتخار احمد چودھری، ایم ایس اسپتال ڈاکڑ بریگیڈئر ارشد ضیا، پروفیسر ڈاکٹر لیاقت علی، پروفیسر ڈاکٹر عبدالجبار شاکر، فیاض احمد فیضی ،مارکیٹنگ آفیسر اویس سرور سمیت دیگر عہدیداران موجود تھے۔ذکراللہ مجاہد نے مزید کہا کہ حکومت کی ناکامی پالیسیوں کی وجہ سے ملک کے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد مایوسی کا شکار ہوچکے ہیں۔ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے بجائے عوام دشمن پالیسیوں سے ان کی مشکلات میں اضافہ کر رہی ہے جو قابل مذمت ہے۔ سابقہ ادوار کو نشانہ بناکر مہنگائی کے کوڑے عوام پر برسائے جا رہے ہیں۔ معاشی بحران کو قابو کرنے کے نام پر ملک میں مہنگائی طوفان برپا کردیا ہے گیا ہے جس سے عوام میں شدید مایوسی پھیل چکی ہے ۔ موجودہ حکمرانوں نے ایک سالہ دور حکومت میں مہنگائی کے سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں جس کی وجہ سے عام آدمی کی زندگی اجیرن بن چکی ہے۔ ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کے زیر انتظام خدمت خلق کے جو ادارے کام کررہے ہیں ان کی کارکردگی مثالی ہے۔ ثریا عظم اسپتال مستحقین اور نادار افراد کا علاج بہترین معیاری اور جدید سہولیات کے ساتھ مفت کر رہا ہے اور عام آدمی کیلیے دو سو روپے کی پرچی پر اسپیشلسٹ ماہر ڈاکٹرز حضرات مریضوں کا علاج معالجہ کررہے ہیں جو شہر کے معیاری اسپتالوں کی نسبت نہ ہونے کے برابر ہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے اسپتال کے ڈونرز کا بھی شکریہ ادا کیا کہ جن کی تعاون سے میڈیکل کیمپ کا انعقاد ہوا اور جن اہل خیر کے تعاون سے اسپتال کے جملہ انتظامات احسن طریقہ سے سرانجام پارہے ہیں اور انسانیت کی خدمت کا یہ کام جاری و ساری ہے۔