جرمنی یہودی معبد پر فائرنگ 2 ہلاک حملہ آور گرفتار

328
برلن: جرمن شہر ہالے میں یہودی معبد کے باہر فائرنگ کے بعد پولیس نے جائے وقوع کو سیل کردیا ہے‘ سڑک پر لاش پڑی ہے
برلن: جرمن شہر ہالے میں یہودی معبد کے باہر فائرنگ کے بعد پولیس نے جائے وقوع کو سیل کردیا ہے‘ سڑک پر لاش پڑی ہے

برلن (انٹرنیشنل ڈیسک) جرمنی میں ایک یہودی معبد کے مرکزی دروازے پر نامعلوم شخص نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک ہوگئے۔ بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق جرمنی کے شہر ہالے میں فائرنگ کرنے کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا، جسے پولیس نے تعاقب کرکے حراست میں لے لیا ہے۔ اس سے قبل قبل پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں عوام کو خبردار کیا گیا تھا کہ وہ اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ اس دوران تلاشی کی کارروائی کے لیے ریلوے اسٹیشن کو بند کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ فائرنگ کے وقت یہودیوں کی عبادت گاہ سنیاگونگ میں یہودیوں کا ایک تہوار منانے کے لیے بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔ مقامی ذرائع کے مطابق مرکزی دروازے پر سیکورٹی کے باعث حملہ آور اندر داخل ہونے میں ناکام رہا جس سے جانی نقصان کم ہوا۔ جرمن خبر رساں ادارے کے مطابق فائرنگ کرنے والے ایک سے زائد افراد بھی ہو سکتے ہیں جو ایک گاڑی میں سوار تھے۔ ابتدائی طور پر موصول ہونے والی رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ فائرنگ کے بعد یہودیوں کے ایک مقامی قبرستان میں دھماکے کی آواز بھی سنی گئی تاہم پولیس نے بتایا کہ موقع سے فرار ہونے والے ملزمان میں سے ایک کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جس نے فوجی طرز کی وردی پہن رکھی تھی۔ مقامی نشریاتی ادارے کو ایک عینی شاہد نے بتایا کہ حملہ آور کئی ہتھیاروں سے لیس تھے۔ پولیس کی جانب سے علاقہ سیل کیے جانے اور تفتیشی عمل شروع کیے جانے کے باوجود شہر میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے اور رہائشیوں کو چوکنا رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ پولیس نے کہا ہے کہ دیگر مبینہ ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپا مار کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔