جرمنی کا پناہ گزینوں کے لیے یکساں پالیسی بنانے کا مطالبہ

104

برلن (انٹرنیشنل ڈیسک) جرمنی نے خبردار کیا ہے کہ 2015 ء کی طرح ایک بار پھر مہاجرین کا سیلاب یورپی ممالک کا رخ کرسکتا ہے۔ جرمن وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر نے کہا کہ اگر یورپی یونین نے رکن ممالک کو اپنے حال پر چھوڑ دیا تو پناہ گزینوں کے حوالے سے یورپ کی کوئی یکساں پالیسی نہیں ہو گی۔ اس کا نتیجہ یہ ہوگا کہ ہمیں ایک بار پھر پورے یورپ میں مہاجرت کے بے قابو سیلاب کا سامنا ہوگا۔ دوسری جانب یونان اور قبرص نے بھی ترکی سے آنے والے مہاجرین کی تعداد میں اضافے کے حوالے سے خطرے کا بگل بجا دیا ہے۔ یورپی یونین کے وزرائے خارجہ ہجرت کے مسئلے پر بحث کے لیے اکٹھا ہو رہے ہیں، جب کہ یونان ایک بار پھر مشرق وسطی، ایشیا اور افریقا میں جنگوں اور غربت سے بھاگے ہوئے لوگوں کے لیے یورپ کا مرکزی دروازہ بن گیا ہے۔ اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق رواں برس 45 ہزار 600 افراد سمندر کے راستے ہجرت کر کے یورپ پہنچ چکے ہیں۔