امریکی صدر بے پروا انسان ہے‘ اسرائیلی میڈیا ٹرمپ پر برس پڑا

206

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی میڈیا نے صہیونی حکومت کی انگلیوں پر ناچنے والے امریکی صدر کی خبر لے لی۔ میڈیا نے امریکی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن کی برطرفی کو ایک ماہ گزرنے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کے طرز عمل کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ اسرائیلی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ صرف باتیں کرتے ہیں، عملاًکچھ نہیں کرتے۔ عبرانی ٹی وی چینل 12کے مطابق ٹرمپ کا کردار ایک باتونی ہونے کے سوا اور کچھ نہیں۔ بڑھکیں مارنے کے ساتھ وہ ایک بے پروا انسان بھی ہیں۔ خبررساں اداروں کے مطابق ٹرمپ سے اسرائیلی میڈیا کی مایوسی میں اس وقت اضافہ ہوا جب ڈیموکریٹس نے کہا کہ ٹرمپ ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کرسکتے ہیں۔ عبرانی ریڈیو نے امریکی صدر کے بیانات کو توہین آمیز قرار دیا۔ ایک ٹی وی چینل کے تجزیہ کار ایہود بعاری نے کہا کہ ہم نے ٹرمپ کے ساتھ مل کربہت بڑی غلطی کی۔ وہ ناقابل اعتبار ہیں۔ دوسری جانب لیکوڈ پارٹی کے رہنماؤں کا بھی کہنا ہے کہ ایران بہادر اور مضبوط حریف ہے،جو بے رحمی سے اسرائیل پر حملہ کرنے کے لیے تیار ہے اور حال یہ ہے کہ ٹرمپ ان کے سامنے منمنارہے ہیں۔ ٹرمپ صدارت کی کرسی پر براجمان ہیں، لیکن اب ان کے پاس اسرائیل کو دینے کے لیے کچھ نہیں ہے۔