کلین کراچی مہم میں تجاوزات کا بھی خاتمہ کیا جائے گا‘ مرتضیٰ بلوچ

197

کراچی(اسٹاف رپورٹر) انسانی بستیوںسے متعلق صوبائی وزیر مرتضیٰ بلوچ نے کہا ہے کہ کلین کراچی مہم کے دوران نالوں پر قائم تجاوزات کا بھی خاتمہ کیا جائے گا اور اس مہم میں ہر ادارے اور ہر شخص کو اپنا مثبت کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ بات انہوں نے کلین کراچی مہم کے تحت وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی نواب وسان کے ہمراہ ملیر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کہی۔ صوبائی وزرا کے ساتھ ڈی سی ملیر عبدالحلیم جاگیرانی اورچیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ بھی موجود تھے۔ صوبائی وزرائنے بھٹائی آباد، دھنی بخش خاصخیلی گوٹھ، راشدی گوٹھ اور بھینس کالونی میں صفائی ستھرائی کے کام کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر مرتضیٰ بلوچ نے شادی خان چوک پر سیوریج کی خرابی اور گندہ پانی سڑک پر آنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ صوبائی وزیر نے ایم ڈی واٹر بورڈ کو بھٹائی آباد میں سیوریج کی جلد درستگی کرنے کی بھی ہدایت کی۔ دورے کے موقع پر صوبائی وزیر برائے انسانی بستیوں غلام مرتضیٰ بلوچ نے دھنی بخش گوٹھ کے سیوریج نالے پر تجاوزات کے خاتمے کے لیے ڈی سی ملیر کو ہدایت کی۔