شیعہ نوجوانوں کی بازیابی تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان

90

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملک بھر میںشیعہ نوجوانوں کی جبری گمشدگیوں پر ملت جعفریہ پاکستان کے عمائدین نے شدید غم و غصہ کا اظہار کیا ہے اور اس عنوان سے جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پر سنزکراچی کی جانب سے شیعہ عمائدین اور علمائے کرام سمیت ملی نمائندہ جماعتوںکے سربراہوں، رہنمائوں اور ائمہ جمعہ و خطبا کا مشترکہ اجلاس گزشتہ روز کراچی میں علامہ احمد اقبال رضو ی کی صدارت میںمنعقد ہوا۔ اجلاس میں ملت جعفریہ کی تمام نمائندہ جماعتوںکے رہنمائوں سمیت شیعہ علمائے کرام اور عمائدین نے شرکت کی۔اجلاس میںمعروف عالم دین مولانا غلام حسین رئیسی ، مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل مولانا باقر زیدی، کمیٹی ممبران مولانا حیدر عباس، مولانا عقیل موسیٰ، آئی ایس ا و کراچی کے صدر محمد عباس اور دیگر نے شرکت کی۔اجلاس میںمتفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر میں تمام نماز جمعہ کے اجتماعات میںشیعہ جبری گمشدگیوں کے حوالے سے بھرپور بات کی جائے گی اور احتجاج کا عمل جاری رہے گا ، اسی طرح ذاکرین عظام اور خطبا کاکہنا تھا کہ ایام عزا کی تمام مجالس اور عزاداری کے اجتماعات میںشیعہ جبری گمشدہ نوجوانوںکے حق میںاور ان کی بازیابی تک احتجاج جاری رہے گا۔