لائف سیونگ فاؤنڈیشن نے ساحلوں پر5ہزار زندگیاں بچائیں

137
پاکستان لائف سیونگ فائونڈیشن کے ایڈمنسٹریٹر سید محمد احسان کا صحافیوں کے ساتھ گروپ فوٹو
پاکستان لائف سیونگ فائونڈیشن کے ایڈمنسٹریٹر سید محمد احسان کا صحافیوں کے ساتھ گروپ فوٹو

کراچی(اسٹا ف رپورٹر) سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کے دور میں ساحل سمندر پر لوگوں کی زندگیاں بچانے کے لیے قائم ہونے والا ادارہ پاکستان لائف سیونگ فاؤنڈیشن نے اپنے قیام سے اب تک کراچی کے ساحلوں پر 5 ہزار سے زائد لوگوں کی زندگیاں بچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے،70 لاکھ سے زائد حفاظتی اقدامات کرچکا ہے، 6 ہزار سے زائد لوگوں کوابتدائی طبی امدادفراہم کی جا چکی ہے،ہر سال کراچی کے ساحلوں پر آنے والے 80 لاکھ سے زائد لوگوں کو ساحل سمند پر تحفظ فراہم کرنے کے حوالے سے معلومات دی جاتی ہیں، پاکستان لائف سیونگ فاؤنڈیشن کے تربیت یافتہ لائف گارڈ کی بدولت عوام میں احساس تحفظ پیدا ہوا ہے۔ان خیالات کا اظہار پاکستان لائف سیونگ فاؤنڈیشن کے ایڈمنسٹر یٹر سید محمد احسان نے بدھ کے روز سینڈز پٹ میں قائم پالس کے مرکزی دفتر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ساحل سمند ر میں لوگوں کی جان بچانے کے لیے تر بیت فراہم کرنے والے غلام محمد بلوچ سمیت پاکستان لائف سیونگ فاؤنڈیشن کے لائف گارڈز کی بڑی تعداد موجود تھی۔ سید محمد احسان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان لائف سیونگ فاؤنڈیشن نے سال 2004ء میں اپنے کام کا آغاز کیا تھا۔ یہ رجسٹرڈ اور بین الاقوامی طور پر سند یافتہ خدمت خلق کا ادارہ ہے، جس کے قیام کا مقصد کراچی کے ساحلوں پر بلامعاوضہ لوگوں کو ڈوبنے سے بچانا اور ریسکیو کرنا ہے۔