ملک بھر میں ڈینگی متاثرین کی تعداد 24 ہزار سے متجاوز

88

اسلام آباد (آن لائن) ملک بھر میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 24 ہزار سے تجاوز کر گئی، سب سے زیادہ مریضوں کی تعداد وفاقی دارالحکومت سے سامنے آئی جہاں ڈینگی
وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 6 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، اسلام آباد میں ڈینگی سے مرنے والوں کی تعداد 14 جبکہ ملک بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 41 ہوگئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت پولی کلینک میں ڈینگی کے 137 مریض زیر علاج ہیں، ان میں 6 کی حالت تشویشناک ہے۔ اسلام آباد کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال پمز میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ 70 مریض داخل ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں 500 سے زائد مشتبہ مریض پمز اسپتال کی او پی ڈی میں آئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کے نجی اسپتالوں میں ڈینگی کے 120 سے زائد مریض زیر علاج ہیں۔