مقبوضہ کشمیر سے کرفیو ہٹانے کے لیے چین فوری کردار ادا کرے، عمران خان

524
بیجنگ: وزیراعظم عمران خان اور چینی صدر ملاقات کے دوران مصافحہ کررہے ہیں
بیجنگ: وزیراعظم عمران خان اور چینی صدر ملاقات کے دوران مصافحہ کررہے ہیں

بیجنگ(آن لائن+اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ہٹانے کے لیے چین فوری کردار ادا کرے۔ان کے بقول ہانگ کانگ چین کا اندرونی معاملہ ہے اور کسی ملک کو اس میں مداخلت کا اختیار نہیں ہے۔ بدھ کو وزیراعظم نے چین کے چیئرمین نیشنل پیپلز کانگریس لی ژان شو سے ملاقات کی جس میں انہوں نے چین کی 70ویں سالگرہ پر ان کو مبارکباد دی، اس موقع پر عمران خان نے لی ژان شو کے سامنے کشمیر کا مقدمہ رکھتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ وادی میں بھارت کے غیر قانونی اقدامات نے سنگین صورتحال پیدا کر دی ہے لہٰذا مقبوضہ علاقوں سے 2ماہ کے طویل کرفیو کو فوری ہٹانے کی ضرورت ہے، اس ضمن میں چین اپنا بہترین کردار ادا کر سکتا ہے۔ اس موقع پر چیئرمین نیشنل پیپلز کانگریس نے عمران خان کو یقین دہانی کرئی کہ چین پاکستان کے اہم قومی مفاد میں کشمیر پر حمایت جاری رکھے گا اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پاکستان سے ہرممکن تعاون جاری رکھے گا۔علاوہ ازیں چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین پاکستان کی ترقی اورعلاقائی سلامتی کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔ یہ بات انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ڈایوٹائی اسٹیٹ گیسٹ ہائوس میں ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان باہمی حمایت اور امداد کی عمدہ مثال موجود ہے۔ مشکل دور میں پاکستان کی طرف سے چین کی بے لوث حمایت کا ذکر کرتے ہوئے صدر شی جن پنگ نے کہا کہ اب چین پرخلوص انداز میں پاکستان کی مدد کرے گا۔وزیر اعظم عمران خان اور چینی صدر شی جنگ پنگ کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد جاری کردہ اعلامیے کے مطابق چینی صدر نے وزیراعظم عمران خان اور وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے علاوہ وزیرخارجہ، وزیر منصوبہ بندی، وزیرریلوے، مشیر تجارت اور ڈی جی آئی ایس آئی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے، دونوں رہنماوں نے خوشگوار ماحول میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور عالمی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات مزید مضبوط اور اور وسیع تر کرنے پر اتفاق کیا۔