سری لنکا نے پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش کردیا

310
لاہور: سری لنکن ٹیم کاٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو وائٹ واش کرنے کے بعد ٹرافی کے ساتھ گروپ فوٹو
لاہور: سری لنکن ٹیم کاٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو وائٹ واش کرنے کے بعد ٹرافی کے ساتھ گروپ فوٹو

لاہور( اسپورٹس رپورٹر) سری لنکا نے پاکستان کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی شکست دے کر سیریز میں وائٹ واش کردیا۔نو آموز سری لنکن ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی کی نمبر ون ٹیم گرین شرٹس کے خلاف 0-3 سے فتح حاصل کرلی،قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر مکمل طور پر فیل ہوگئی،اور 148 رنز کے جواب میں قومی ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 134 رنزہی بنا سکی۔قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے آخری میچ میں سری لنکن کپتان نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کو ترجیح دی۔ ابتدا میں گرین شرٹس کے بولرز نے 58 رنز پر 4 کھلاڑیوں کو پویلین بھیج دیا جس کے بعد پانچویں وکٹ پر کپتان شناکا اور فرنینڈو نے ذمے دارانہ بیٹنگ کر کے مجموعے کو 134 تک پہنچایا، اس دوران فرنینڈو نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی جب کہ فیلڈرز نے کیچز بھی چھوڑے۔فرنینڈو 48 گیندوں پر 78 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے سری لنکا کی جانب سے گناتھیلکا 8، سمارا اوکراما 12، راجا پکسیا 3، پریرا 13، شناکا 12، مدوشانکا 1 اور ڈی سلوا 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔گرین شرٹس کے سب سے کامیاب بولر محمدعامر رہے جنہوں نے 4 اوورز کے کوٹے میں 27 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عماد وسیم اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز مایوس کن رہا، فخرزمان پہلی ہی گیند پر بولڈ ہوگئے جس کے بعد بابر اعظم اور حارث سہیل نے دوسری وکٹ پر 76 رنز جوڑے ،بابر اعظم نے 32 گیندوں پر 27 رنز بنائے جبکہ 94 کے مجموعے پر حارث سہیل بھی چلتے بنے، انہوں نے 50 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 52 رنز بنائے ،حارث سہیل کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کو 29 گیندوں پر 54 رنز درکار تھے اس کے بعد کپتان سرفراز احمد خود بیٹنگ کے لیے آئے اور عماد وسیم کے ساتھ مل کر ٹیم کو جیت کی جانب گامزن کرنے کی امیدیں باندھ لیں لیکن ، عماد وسیم کپتان کی امیدوں پر پانی پھیر گئے اور 5 گیندوں پر 3 رنز بنا کر چلتے بنے۔اگلے ہی اوور میں آصف علی کیچ آئوٹجبکہ اسی اوور کی آخری گیند پر کپتان سرفراز احمد بھی میدان چھوڑ گئے، وہ 17 رنز ہی بنا سکے، ساتویں وکٹ پر افتخار احمد اور وہاب ریاض نے 23 رنز کا اضافہ کیا جو بے سود ثابت ہوا اور قومی ٹیم کا سفر 134 رنز پر اختتام پذیر ہوگیا۔سری لنکن ٹیم کی جانب سے ڈی سلوا نے 3 ، کمارا نے 2 اور راجیتھا نے ایک شکار کیا۔ہاسارنگا کو میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔