سی پیک کے تحت ایم ایل ون منصوبے کو حتمی شکل دیدی، شیخ رشید

138

بیجنگ (اے پی پی) پاکستان اور چین نے سی پیک کے تحت اربوں ڈالر کے ایم ایل ون منصوبے کو حتمی شکل دے دی ہے۔ یہ بات وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے بدھ کو یہاں سرکاری گیسٹ ہاؤس میں میڈیا کو بتائی۔ انہوں نے کہاکہ میں نے آج صبح اپنے چینی ہم منصب کے ساتھ ملاقات کی اور اس منصوبے کو حتمی شکل دی۔ شیخ رشید وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ اس وقت چین کا دورہ کرنے والے وفد کا حصہ ہیں۔ عمران خان سے منصوبے میں دلچسپی لینے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کے لیے ایک اہم منصوبہ ایم ایل ون 14 سال بعد ایک حقیقی شکل اختیار کر گیا ہے۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ انہوں نے ایم ایل ٹو (فاسٹ ٹرین) منصوبے کی فزیبلٹی رپورٹ بھی اپنے چینی ہم منصب کو فراہم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اگلے 3-4 سال میں ایم ایل ون کی تکمیل کے بعد تیز رفتار ٹرین منصوبے پرکام شروع کرنے کا ارادہ کر رہے ہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ ایم ایل ون کی تکمیل کے بعد ، اس کی رفتار 65-105 کلومیٹر فی گھنٹہ سے بڑھ کر 120-160 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوجائے گی، 2025ء تک مال بردار نقل وحمل 6 سے 35 ٹن تک بڑھ جائے گی اور مال بردار نقل و حمل میں ریلوے کا حصہ بڑھ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سے پشاور تک ریلوے ٹریک کی لمبائی تقریبا 1800 کلومیٹر ہوگی اور نیا سگنل سسٹم لگایا جائے گا،نئے ٹریک پر کوئی کراسنگ نہیں ہوگی۔