ایک سو گیارہ افرادکے قتل میںملوث متحدہ لندن کا دہشت گرد گرفتار

152

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پولیس نے111افراد کے قتل میں ملوث ایم کیو ایم لندن گروپ کے ٹارگٹ کلر عبدالسلام عرفان عرف مسہ کو گرفتار کرلیا ، گلشن اقبال میں میڈیکل کی طالبہ کو کچرا چننے والے افغانی نوجوانوں نے قتل کیا۔ یہ بات بدھ کو ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر نے پریس کانفرنس کے دوران بتائی انہوں نے کہا کہ 45سالہ ملزم عبدالسلام عرفان کی گرفتاری سولجر بازار میں نشتر روڈ سے عمل میں آئی۔ملزم 25 برس سے ٹارگٹ کلنگ میںملوث تھا۔ملزم 1998ء میں اورنگی ٹاون سے گرفتار ہوا تھا اور 2004 ء میں پیرول پر رہا ہوکرغائب ہوگیا تھا، 2014 ء میں گلبرگ پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہونے کے بعد عدالت سے ضمانت لیے کر غائب ہوگیا تھا، رواں سال ملزم مقابلے میں بھی زخمی ہوا اور فرار ہو گیا تھا، ملزم روپوشی کے لیے تبلیغی جماعت میں شامل ہوا۔ ملزم پرسانحہ 12مئی میں گرومندر چوک پر نجی ٹی وی چینل کے دفتر پر فائرنگ کرنے کا بھی الزام ہے ،ملزم 12مئی کو اورنگی ٹاون سیکٹر کی کلنگ ٹیم میں شامل تھا اس کے ساتھیوں ندیم ماربل ، خالد صدیقی ،نہال ، زبیر برگر اور دیگر بھی شامل تھے ،فائرنگ کے ان واقعات میں 3افراد جاں بحق ہوئے تھے، ملزم ضلع غربی میں 108 جبکہ ضلع شرقی میں قتل کی 3وارداتوں میں ملوث ہے،ملزم اور اس کے گروہ کے ہاتھوں قتل ہونے والوں میں پاک فوج کے 2، نیوی کا1اورپولیس کے 8جوان ،5ڈاکٹر، 5 لڑکیوں کو زنا کے بعد ، 2 سرکاری ملازم،4 پیپلز پارٹی، 1 ن لیگ ، 14 ایم کیو ایم حقیقی اور11 دیگر سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کو قتل کیا ہے۔ملزم اور اس کے ساتھیوں نے مخبری کے شبے میں 57اور بھتا نہ دینے پر 7لوگوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا ہے۔ ملزم عباسی شہید اسپتال میں سرکاری ملازم ہے۔ ایس ایس پی غلام اظفر مہیسر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ گزشتہ جمعرات کو ملزمان کی فائرنگ سے جاں بحق مصباح اطہر ہمدرد یونیورسٹی میں تھرڈ ائر کی طالبہ تھی۔قتل کے الزام میں اسٹریٹ کرمنل محمد نبی افغانی کو گرفتار کیا ہے، چھینا گیا موبائل، موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد کرلیا،ملزم کا ساتھی قاری بشیر افغانی فرار ہے، گرفتار ملزم کچرا چنتا تھا ، 5ماہ قبل اپنے ساتھیوں فضل، نعمت اور قاری بشیر کے ساتھ ملک کرگلشن اقبال، گلستان جوہر، مبینہ ٹاون، شارع فیصل، بہادرآباد، عزیزبھٹی، سچل سائٹ اور سپر ہائی وے کے علاقوں میںگاڑیوں کی بیٹریاں چوری کرنے لگا اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں شروع کیں۔