نیشنل گرڈ میں 72میگاواٹ بجلی شامل کر دی ‘وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا

129

پشاور(اے پی پی) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمودخان نے کہاہے کہ ہم نے نیشنل گرڈ میں 72میگاواٹ بجلی شامل کر دی ہے۔کے پی کے حکومت پہلی مرتبہ اپنی پیدا کردہ بجلی صنعتی شعبے کو دینے جا
رہی ہے ۔انہوں نے ویلنگ آف الیکٹرک سٹی ٹو انڈسڑیل کنزیومر معاہدے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے صوبے کو ساڑھے 30کروڑ سالانہ آمدن حاصل ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ صوابی کے پیہور ہائیڈرل کمپلیکس کی18 میگاواٹ بجلی گدون، چراٹ اور نوشہرہ کے صنعتی یونٹس کو دی جائے گی ، پیسکو پہلے ان صنعتی یونٹس کو15روپے فی یونٹ بجلی فراہم کرتا تھا جبکہ نئے منصوبے کے تحت صوبائی حکومت ساڑھے 7 روپے فی یونٹ بجلی فراہم کرے گی۔انہوں نے کہاکہ اس سے پہلے بجلی 4 روپے فی میگاواٹ خریدی جاتی تھی مگراب صنعتی یونٹس کو پیہور ہائیڈرل کمپلیکس سے پیسکو لائنز کے ذریعے 1.25روپے کرائے پر بجلی فراہم کی جائے گی۔ان کے بقول کے پی کے حکومت نے گزشتہ ایک سال میں بے پناہ ترقیاتی کام کیے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ صنعتی شعبوں کو ترقی دینا ہماری اولین ترجیح ہے، ضلع مہمند کو ماربل سٹی بنانے کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی کوشش ہے ملک کے اندر سرمایہ کاری آئے اور صنعتی انڈسٹری ترقی کرے۔انہوں نے کہاکہ صوبے میں بڑے عرصے بعد امن قائم ہواہے لیکن کچھ لوگ صوبے کا امن تباہ کررہے ہیںمگر ہم فسادی ٹولے کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔