وزیراعظم کے29اکتوبر کو سعودی عرب کے دورے کا امکان

84

اسلام آباد(آن لائن) وزیراعظم عمران خان کے 29 اکتوبر کو سعودی عرب کے دورے کا امکان ہے۔سفارتی ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ عمران خان سعودی عرب میں ہونے والی سرمایہ کاری سمٹ میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم کو کانفرنس میں شرکت کی دعوت سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے دی ہے۔ سرمایہ کاری سمٹ29 سے 31اکتوبرتک ریاض میں منعقد ہوگی۔ذرائع کے مطابق بھارت کے وزیراعظم نریندرمودی کو بھی سمٹ میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل 19ستمبر کو بھی وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کا 2 روزہ دورہ کیا تھا۔ عمران خان سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر سرکاری دورے پر جدہ پہنچے تھے۔معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی ذوالفقاربخاری اور مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ بھی وزیراعظم کے ساتھ تھے۔خیال رہے کہ عمران خان سعودی عرب سے ہی اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا روانہ ہو ئے تھے۔ وزیر اعظم عمران خان کا یہ چوتھا دورہ سعودی عرب ہوگا۔ وہ اس سے قبل وزارت عظمی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد3 بار سعودی عرب کا دورہ کرچکے ہیں۔