کارخانوں سے ٹھیکداری نظام ختم کیا جائے

43

رپورٹ : قاضی سراج

جسارت لیبر فورم کے زیر اہتمام پاکستان مزدور اتحاد ٹریڈ یونین فیڈریشن کے تعاون سے لانڈھی کورنگی کے مزدور مسائل پر کھلی کچہری منعقد ہوئی۔ اس موقع پر مزدور رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ سیسی اسپتال لانڈھی اور حسینی ڈسپنسری کا نظام درست کیا جائے۔ کارخانوں سے ٹھیکداری نظام ختم کرکے مزدوروں کو کم از کم اجرت دی جائے۔ مالکان مزدوروں کو سیسی اور E.O.B.Iمیں رجسٹرڈ کروا کر رجسٹریشن کارڈ فراہم کریں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ شبیر ٹائلز انتظامیہ مزدور دشمنی بند کرکے ملازمین کو ان کا قانونی حق فراہم کرے۔ شبیر ٹائلز میں مزدوروں کی چھانٹی نہ کی جائے۔ اس موقع پر یہ طے پایا کہ لانڈھی میں کورنگی رابطہ کمیٹی کو فعال کیا جائے۔ مزدور مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے صنعتی اداروں اور چوراہوں پر بینرز لگائے جائیں گےاور مزدوروں میں پمفلیٹ تقسیم کیے جائیں گے۔

کھلی کچہری میں پاکستان مزدور اتحاد ٹریڈ یونین فیڈریشن کے رہنما عبدالستار نیازی اور واحد خان ، جنرل ٹائر کے مزدور رہنما عزیز خان اور عبدالعزیز، پاکستان اسٹیل مل کے رہنما کامریڈ نذیر جان ، آئی آئی ایل کے رہنما محمد اسماعیل،پی سی ای ایم کے رہنما غلام مرتضی، اختر ٹیکسٹائل کے نمائندے شبیر اکبر ،نوالیدر کے نمائندےرحمت خان، شبیر ٹائلز کے مزدور رہنما دلبر خان، اے این پی کے رہنما انور زیب ، سلفی ٹیکسٹائل کے نمائندےعبدالرحمن، تحریک انصاف کے رہنما نعمت سواتی اور بلال نیازی ضلع ملیر کے سماجی کارکن اسداللہ اور سعیدالرحمن قریشی نے شرکت کی۔