پاکستان کو ٹاپ 10 دوست ممالک  میں شامل کر لیا،جاپانی سفیر

1028
کراچی: پاکستان میںتعینات جاپانی سفیر مسٹر کونی نوری مٹسوڈا پاکستان جاپان بزنس فورم کے سالانہ اجلاس عام اور عشائیے سے خطاب کر رہے ہیں۔

جاپان تربیت یافتہ افرادی قوت پاکستان سے بلائے گا، مسٹر کونی نوری جٹسوڈا

پاکستان جاپان بزنس فورم کے سالانہ اجلاس عام اورعشائیہ تقریب سے خطاب

کراچی

جاپانی سفیر مسٹر کونی نوری جٹسوڈا نے کہا ہے کہ ہم نے پاکستان کو ان دس دوست ممالک کی فہرست میں شامل کر لیا ہے جہاں سے جاپان تربیت یافتہ افرادی قوت بلائے گا۔ جاپان پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے کوشاں ہے۔یہ بات انہوں نے پاکستان جاپان بزنس فورم کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ سالانہ اجلاس عام اور بعد میں عشائیہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر جاپان کے کراچی میں قونصل جنرل مسٹر توشی کازوایسومورا، فورم کے چیئرمین سہیل پی احمد، وائس چیئرمین کلیم فاروقی، اراکین، بزنس کمیونٹی اور دیگرکے علاوہ جاپانی سفارتخانے اور قونصلیٹ کے عملے نے بھی شرکت کی۔ جاپانی سفیر نے کہا کہ جاپان اور پاکستان کے ساتھ برادرانہ اور تجارتی مضبوط تعلقات ہیں،ہر بار وہ کراچی آکردیکھتے ہیں کہ یہاں کاروبار کے بہت مواقع ہیں جن سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ کراچی بہت اہم معاشی اور تجارتی حب ہے۔مسٹر کونی نوری جٹسوڈا نے کہا کہ جاپان پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے کوشاں ہیں،وہ آٹوموبائل کے علاوہ، فوڈ، ماہی گیری، لاجسٹکس، ٹرانسپورٹ میں کاروبار کر سکتے ہیں۔

جاپانی سفیر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ زراعت، فارماسوٹیکل ، انرجی،تعلیم اورروزگارکے شعبوں میں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جاپان نے پاکستان کو10 دوستانہ ممالک میں شامل کیا ہے جہاں سے افرادی قوت بلائیں گے،اس فہرست میں پاکستان کے علاوہ ان ممالک میں انڈونیشیا، ملائیشیا، سری لنکا وغیرہ شامل ہیں۔ ٹورازم بھی اچھا آئیڈیا ہے۔ اس موقع پر اپنے خطاب اور بعد میں میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے پاکستان جاپان بزنس فورم کے چیئرمین سہیل پی احمد نے کہا کہ جاپان کے ساتھ کاروبار کے بہت مواقع ہیں لیکن افسوس کہ ہم نے فائدہ نہیں اٹھایا۔

فورم کی طرف سے ہر سال تاجروں کا وفدجاپان بھیجا جاتا ہے جس کی بدولت کاروبار بڑھا ہے۔ جاپان کی اب 86 کمپنیاں پاکستان کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔چیئرمین پاکستان جاپان بزنس فورم نے مزید کہا کہ اگر حالات مزید بہتر ہوں گے تو اور کاروبار بڑھے گا۔انہوں نے کہا کہ جاپان کی جانب سے پاکستان سے بھی افرادی قوت لے جانے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ جاپان ہمیں ٹیکنالوجی اور بہت کچھ دینے کے لیے تیار ہے،ان کے ساتھ فشریز میں بہت بڑی تجارت ہو سکتی ہے لیکن اس کے لیے فش ہاربر بہتر کرنا ہو گا، منرلز، زراعت، پھل وغیرہ میںپاکستان بہت کچھ بھیج سکتا ہے۔ اس موقع پر کراچی میں تعینات ڈپٹی قونصل جنرل مسٹر کٹسونوری آشیدا نے اپنی ٹیم کے ہمراہ پاکستانی اردو گانے بھی گائے اور حاضرین سے خوب داد وصول کی۔