پاکستان اور بھارت مذاکرات سے مسئلہ کشمیر حل کریں، چین

171

وزیراعظم عمران خان کی چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات  ہوئی ہے جس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال، خطے میں قیام امن اور اقتصادی معاملات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی۔

بیجنگ میں وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر شی جنگ پنگ سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سمیت دیگر وفاقی وزرا کا تعارف کروایا۔

وزیراعظم نے چینی صدر کو کشمیر کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا اور مسئلہ کشمیر پر حمایت پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ وزیراعظم نے کشمیر میں جاری لاک ڈاؤن اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھی بات کی۔ بعد ازاں دونوں ممالک کے مابین وفود کی سطح پر بھی ملاقات ہوئی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا  کہ پاک چین سدا بہار شراکت داری دونوں ممالک کے بنیادی مفادات کو تحفظ فراہم کرتی ہے۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ نےمیڈیابریفنگ میں کہا کہ امیدہےپاکستان بھارت مسئلہ کشمیر سمیت تمام اختلافات مذاکرات سےحل کریں گے اور خطے کےدیگرممالک اور عالمی برادری کو پاکستان بھارت سے یہی توقع ہے۔

دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ یواین جنرل اسمبلی میں بھی مقبوضہ کشمیر پراپنانقطہ پیش کیا، کشمیر پر چین کی پوزیشن واضح ہے ، چین اور پاکستان ہر موڑ پر ایک دوسرے کو اعتماد میں لیتے ہیں،صدر شی کی دورہ بھارت سے پہلے خواہش تھی ایک دوسرے کو اعتماد میں لیں ، چینی صدر  کو ہم نے بھی اعتماد میں لیا ، چینی صدر کا دورہ مکمل ہونے پر رابطہ ہو گا وہ ہمیں باخبر رکھیں گے، پانی کے مسئلے پر پر ایک ڈی سیلینیشن پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا ہے، ڈی سیلینیشن پلانٹ سے گوادر بھی مستفید ہو گا، تعلیم کے شعبے میں ایم او یو پر دستخط کئے گئے ہیں۔