سراج درانی نے اراکین کو اسمبلی سے باہر گٹکا کھانے کی اجازت دیدی

93

کراچی( نمائندہ جسارت)اسپیکر قومی اسمبلی آغا سراج درانی نے اسمبلی اراکین کو تنبیہ کی ہے کہ اگرکسی رکن کو گفتگو کرنی ہے تو وہ ایوان سے نکل کر گیلری میں جاسکتا ہے، وہاں جاکرگٹکا اورکھانا بھی کھایا جاسکتا ہے اور چائے بھی پی جا سکتی ہے ایوان میں اس طرح گپ شپ کی کسی کو اجازت نہیں ہے۔ گزشتہ روز اسپیکر نے یہ تنبیہ اس وقت کی جب ایوان کی کارروائی کے دوران کئی ارکان آپس میں خوش گپیوںمیں مصروف تھے۔ ایوان کی کارروائی کے دوران ایک موقع پر خرم شیر زمان نے اسپیکر کی توجہ اس جانب مبذول
کرائی کہ بعض ارکان ایوان کی کارروائی کے دوران موبائل استعمال کر رہے ہیں جس پر آغا سراج درانی نے جی ڈی اے کے عارف مصطفیٰ جتوئی کو ہدایت کی کہ وہ باہر جاکر موبائل استعمال کریں اپنے رکن کو متاثر نہ کریں۔ مزید برآں ایوان کی کارروائی کے دوران پی ٹی آئی کے رکن خرم شیر زمان اپنی پارٹی کی خاتون رکن ڈاکٹر سیما ضیا کی جگہ سوال کرنے کیلیے اپنی نشست سے اٹھے تو اسپیکر نے برجستہ کہا کہ آپ ڈاکٹر سیما ضیا کی طرح تو نہیں لگتے۔ جس پر خرم شیر زمان نے کہا کہ سر آج آپکا کیا ارادہ ہے؟ آغا سراج نے کہا کہ باہر آؤں گا تو بتاؤں گا۔ اسپیکر کی اس بات پر ایوان میں زبردست قہقہے لگ گئے۔ جی ڈی اے کی نصرت سحر کو ضمنی سوال کی اجازت دیے جانے پر نند کمار کھڑے ہوگئے تو اسپیکر نے دریافت کیا کہ کیاآپ عباسی صاحبہ ہیں؟
سراج درانی