سیاست چھوڑی ہے ماڈل ٹائون کے قاتلوں کا پیچھا نہیں‘ طاہرالقادری

137

لاہور (نمائندہ جسارت) قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ سیاست چھوڑی ہے ماڈل ٹائون کے قاتلوں کا پیچھا نہیں چھوڑا۔ انصاف کے لیے جدوجہد کرنا ایمان کا حصہ ہے، قاتلوں کو توآخرت میں بھی نہیں چھوڑوں گا، ریاست مدینہ میں انصاف سب کے لیے اور خون کا بدلہ خون کا قانون رائج تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وکلا کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ طاہرالقادری نے کہا کہ ریاست نے شہدا کے یتیموں کی کفالت کرنے کے بجائے طاقتوروں کا ساتھ دیا۔ 14بے گناہوں کے قاتل دندناتے پھر رہے ہیں اور سانحہ ماڈل ٹائون کے ظلم کے خلاف احتجاج کرنے
والے107 کارکنوں کو 5 اور 7 سال کی سزا سنا کر جیلوں میں بند کر دیا گیا، یہاں قانون امیر اور غریب کا چہرہ دیکھ کر حرکت میں آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ5 سال کا ہر لمحہ حصول انصاف کی جدوجہد میں گزرا، وکلا کی فیسیں اور عدالتی اخراجات لاکھوں میں نہیں کروڑوں میں ہیں، متعلقہ اداروں نے مظلوموں کے بجائے قاتلوں کا ساتھ دیا۔ انصاف کے لیے سانحے کی ازسرنو تفتیش ضروری ہے اور اس کے لیے قانونی جنگ لڑ رہے ہیں۔ قاتلوں نے معافی تلافی کے لیے بہت پاپڑ بیلے، دوستوں کے ذریعے بہت سفارشیں کروائیں، میرا ایک ہی جواب تھا فیصلہ عدالت میں ہو گا۔
طاہر القادری