عالمی یوم ڈاک پر عافیہ صدیقی کی والدہ کابیٹی کے نام کھلا خط

109

کراچی( نمائندہ جسارت)عالمی یوم ڈاک کے موقع پر ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بیمارماں اپنی زیر حراست بیٹی کے ایک خط کی منتظر ہے۔ اپنی بیٹی کے نام کھلے خط میںلکھا ہے جس کا عنوان ہے کہ ’’عالمی یوم ڈاک پر میرا عافیہ سے رابطہ کرادو‘‘ ۔ خط میں لکھا ہے کہ میری پیاری بیٹی ، عافیہ اللہ تمہاری حفاظت کرے، تم کو دیکھے ہوئے17 سال اور تمہاری ٹیلی فونک کال کوبھی ساڑھے 3 سال گزر چکے ہیں۔ تمہارا بیٹا احمد اور بیٹی مریم اعلیٰ تعلیم کے لیے کالج جارہے ہیں۔ ہم نے تم کو بے شمارٹیلی فون، ای میل اور خط ارسال کیے مگر جواب سے
محروم رہے۔ اقوام متحدہ کے زیراہتمام ہر سال ’’ورلڈ پوسٹ ڈے‘‘ منایا جاتا ہے۔ میں نے سوچا شاید اللہ تعالیٰ ’’عالمی یوم ڈاک‘‘ کو تم سے رابطے کا سبب بنا دے۔ میری بیٹی تمہاری رہائی کے لیے ملک کے اندر اور باہر سے کروڑوں لوگ دعائیں اور کوششیں کررہے ہیں،وزیراعظم پاکستان عمران خان کا بھی وعدہ ہے کہ وہ تمہیں امریکی جیل سے رہائی دلا کر وطن واپس لائیںگے۔ بیٹی ، اب میری طبیعت صحیح نہیں رہتی ہے۔ فوزیہ اور سب گھر والے بہت خدمت کرتے ہیں، ملک بھر سے لوگ ٹیلی فون کرکے طبیعت کے بارے میں پوچھتے ہیں۔ گھرپر عیادت کے لیے آنے والوں کا تانتا بندھا رہتا ہے۔ سب کو پتا ہے، سب پوچھتے ہیں اگر کسی کو پتا نہیں ہے تو وہ تم ہو! ۔ ہمارے پاس تم سے رابطے کا کوئی ذریعہ نہیں ہے ، میں اپنے بچوں عمران خان(وزیراعظم پاکستان)، شاہ محمود قریشی (وزیرخارجہ) ، اعجاز احمد شاہ (وزیرداخلہ) اور ڈاکٹر شیریں مزاری (وزیربرائے انسانی حقوق) کو یہ خط ارسال کررہی ہوںاور دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ تمہاری رہائی کا فریضہ ادا کرنے میں ان کی رہنمائی فرمائے۔ عافیہ میں تم کو گلے لگانا چاہتی ہوں ، ماتھا چومنا چاہتی ہوں مگر مجبور ہوں۔ اللہ تمہاری حفاظت فرمائے اورتم سے جلد سے ملا دے، یہ ایک ماں کی دعا اور تمنا ہے۔
والدہ عافیہ صدیقی