جیکب آباد، بلدیہ چیئرمین کی سیٹ 17 روز سے خالی

215

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جیکب آباد بلدیہ چیئرمین کی سیٹ 17 روز سے خالی، وائس چیئرمین کو چارج دیا گیا نہ ہی نئے چیئرمین کی تقرری ہوئی۔ شہر گندگی کا ڈھیر بن گیا، دفتری امور بھی شدید متاثر۔ جیکب آباد بلدیہ چیئرمین عباس جکھرانی کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد جیکب آباد کے بلدیہ چیئرمین کی سیٹ 17 روز سے خالی پڑی ہے، جس پر تاحال کسی کی تقرری نہیں کی گئی، نہ ہی وائس چیئرمین کو چیئرمین کا چارج دیا گیا ہے، جس کے باعث شہر گندگی کا ڈھیر بن گیا ہے۔ دفتری امور بھی شدید متاثر ہوئے ہیں، پہلے شہر میں تھوڑی بہت صفائی ہوتی تھی لیکن اب تو بلدیہ عملے سمیت چیف میونسپل افسر بھی دفتر سے غائب ہیں عوام کی شکایات کا ازالہ کرنے کے لیے کوئی تیار نہیں لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت چیئرمین کی غیر موجودگی میں وائس چیئرمین کو چیئرمین کی ذمے داری دی جاتی ہے لیکن لوکل گورنمنٹ ایکٹ پر بھی تاحال عمل نہیں کیا گیا جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس سلسلے میں پی پی کے ضلعی صدر میر لیاقت لاشاری نے رابطے پر بتایا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013ء کے تحت 30 دن کے اندر چیئرمین کی غیر موجودگی کے باعث نئے چیئرمین کی تقرری لازمی ہوتی ہے۔ اس حوالے سے اختیارات وائس چیئرمین آصف علی مغیری کو جلد منتقل کیے جائیں گے، جس کے لیے لکھا گیا ہے۔