بلاول زرداری کے نام سے جعلی ہائوسنگ سوسائٹی کا انکشاف

95

کراچی( نمائندہ جسارت)اینٹی کرپشن سندھ کی جعلی ہائو سنگ سوسائٹی کے خلاف بڑی کارروائی،بلاول زرداری کے نام سے جعلی ہائو سنگ سوسائٹی بنا رکھی تھی۔ اینٹی کرپشن حکام کے مطابق
بلاول زرداری کے نام پر جعلی ہائوسنگ سوسائٹی کا اسکینڈل بے نقاب ہو گیا، اینٹی کرپشن ٹیم نے یونیورسٹی روڈ پر جعلی ہائوسنگ سوسائٹی کے دفتر پر چھاپا مار کارروائی کرتے ہوئے بلاول ویلفیئر ہائوسنگ اسکیم کے سی ای او ظفر جھنڈیر کو گرفتار کرلیا۔محکمے کی ٹیم نے جعلی رہائشی منصوبے بلاول ویلفیئر ہائوسنگ اسکیم کا ریکارڈ تحویل میں لے لیا، بلاول کے نام پر ہائوسنگ سوسائٹی کے ذریعے عوام سے جعلسازی کی جارہی تھی، جعلساز گروہ نے بلاول کے نام پر نوری آباد میں ہائوسنگ سوسائٹی بنا رکھی تھی،اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ جعلی ہائوسنگ سوسائٹی کی نوری آباد میں دکھائی گئی زمین سرکاری ہے، جعلسازوں نے عوام کو دھوکا دہی سے 60 پلاٹ فروخت کردیے، جعلی ہائوسنگ سوسائٹی کے گرفتار سی ای او ظفر جھنڈیر کے خلاف تحقیقات کے بعد مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔علاوہ ازیں چیئرمین اینٹی کرپشن نے محکمہ اسکول ایجوکیشن کی ڈی ای او ایسٹ سکینڈری انیسہ بگھیو کی کرپشن کانوٹس لے لیا۔ ایپکا کی درخواست پرمحکمہ چیئرمین نے انیسہ بگھیو کے خلاف انکوائری کا حکم دے دیا۔ درخواست میں موقف اختیار کیا کہ انیسہ بگھیو اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے مالی فائدہ اٹھارہی ہے، ٹیچروں سے ٹائم اسکیل اور پروموشن کی فائل جمع کرانے کے لیے تقریباً 8 ہزار روپے رشوت لی جا رہی ہے۔ انیسہ بگھیو کے پاس ڈگریاں تو ہیں مگر اسے ایک لفظ بھی لکھنا پڑھنا نہیں آتا، معلوم کیا جائے کہ انہوں نے شاہ عنایت سوسائٹی میں کروڑوں روپوں کا گھر کیسے بنایا؟۔ خط میں موقف ہے کہ انیسہ بگھیو کو معطل کر کے ان کے خلاف شوکاز نوٹس جاری اور ان کے خلاف کرپشن کا مقدمہ درج کیا جائے۔ ایپکا کے مطابق ایسٹ زون کراچی کے اسکولز جن میں مقبول عام اسکول، تعمیر ملت اسکول، صفیہ میموریل اسکول، پی آئی بی کالونی اسکول، بی وائے جے اسکول و دیگر اسکولوں میں ڈی ای او ایسٹ سکینڈری انیسہ بگھیو کی ایماپر30 سال کے لیے کینٹین لیز پر بیچ دی گئی ہیں جن کے غیرقانونی ایگریمنٹ بھی موجود ہیں۔
جعلی سوسائٹی